رسائی کے لنکس

لوئر دیر بم دھماکے میں 15 ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)
پاکستان کے شمال مغربی ضلع لوئر دیر میں اتوار کی صُبح ایک طاقتور بم دھماکےمیں کم ازکم 15 افراد ہلاک اورمتعدد شدید زخمی ہوگئے۔

یہ واقعہ ضلعی صدر مقام تیمرگرہ سے 30 کلومیٹر دور تحصیل جنڈول میں پیش آیا جہاں مسافروں سے بھری ایک گاڑی کو سڑک میں نصب ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی گونج دور دور تک سنی گئی۔

مقامی پولیس نے بتایا کہ مرنے والے میں تین خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔

متعدد زخمیوں کو تیمر گرہ اسپتال میں منتقل کردیا گیا جہاں اُن کی حالت تشویش ناک بتائی گئی اور اسپتال ذرائع نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اس شورش زدہ علاقے میں عموماََ ایسے حملوں کا ہدف حکومت کے حامی قبائلی رہنما اور امن لشکر کے رضا کار ہوتے ہیں مگر حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں میں ایسی کوئی شخصیت موجود نہیں تھی۔

لوئر دیر کی سرحد افغانستان سے ملتی ہے اور یہاں پر طالبان عسکریت پسند پہلے بھی ایسی کارروائیاں کرچکے ہیں۔

حالیہ مہینوں میں سرحد پار سے بھی مفرور طالبان جنگجو اس علاقے میں فوجی اور شہری اہداف پر حملے کرچکے ہیں۔

ان کارروائیوں کو روکنے کے لیے پاکستانی حکام نے حال ہی میں لوئر دیر میں 25 کلومیٹر طویل سرحدی پٹی کو بند کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG