رسائی کے لنکس

اورکزئی ایجنسی: کوئلے کی کان میں دھماکا، چھ ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اورکزئی میں سینکڑوں کوئلے کی کانیں ہیں جہاں لگ بھگ تین ہزار سے زائد افراد کام کرتے ہیں۔

پاکستان کے شمال مغرب میں کوئلے کی ایک کان میں دھماکے سے کم از کم چھ مزدور ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ جمعرات کی صبح لوئر اورکزئی کے علاقے ڈولی میں کوئلے کی ایک کان میں گیس بھر جانے سے پیش آیا۔

فوری طور پر مقامی لوگوں اور امدادی کارکنوں نے جائے وقوع پر پہنچ کر وہاں سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالا۔

زخمیوں کو ایجنسی ہیڈکوارٹر منتقل کر دیا گیا جب کہ مرنے والوں کے بارے میں بتایا گیا کہ ان کی لاشیں ان کے آبائی علاقے شانگلہ روانہ کر دی گئیں۔

اورکزئی میں بڑی تعداد میں کوئلے کی کانیں ہیں جہاں لگ بھگ تین ہزار سے زائد افراد کام کرتے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ یہاں کانوں میں کانکنی کے لیے حفاظتی تدابیر پر توجہ نہ دینے کے باعث اکثر چھوٹے موٹے حادثات پیش آتے رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے بھی ایک ایسے ہی واقعہ میں تین مزدور ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG