رسائی کے لنکس

ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ ملتوی


سارک کے آٹھ رکن ممالک کے ایک سو کے لگ بھگ کھلاڑیوں اور آفیشلز نے اس میگا ایونٹ میں شرکت کرنا تھی۔

پاکستان کے شہر لاہور میں دو مئی سے شروع ہونے والی دسویں ساوتھ ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ بعض رکن ممالک کے کھلاڑیوں کو ویزے نہ ملنے کے باعث ملتوی کر دی گئی ہے۔

پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل شیخ فاروق اقبال نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سارک کے آٹھ رکن ممالک کے ایک سو کے لگ بھگ کھلاڑیوں اور آفیشلز نے اس میگا ایونٹ میں شرکت کرنا تھی اور ہم نے تمام انتظامات مکمل کر رکھے تھے۔

’’ مگر ساوتھ ایشین باڈی بلڈنگ کے صدر امیت سوامی کی طرف سے چیمپئن شپ ملتوی کرنے کے بارے میں ایک خط موصول ہوا جس میں چیمپئن شپ ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس پر ہم نے چیمپئن شپ ملتوی کر دی‘‘

شیخ فاروق اقبال کے مطابق بھارت، بھوٹان اور نیپال کے کھلاڑیوں نے بروقت پاکستان کے ویزے کے حصول کے لیے کاغذات جمع نہیں کرائے تھے جس کے باعث انہیں ویزا نہ مل سکا۔

شیخ فاروق اقبال نے اس تاثر کو رد کیا کہ پاکستان میں حالیہ بم دہماکوں کے باعث چیمپئن شپ ملتوی کی گئی ہے ان کے بقول چیمپئن شپ کی نئی تاریخوں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG