رسائی کے لنکس

پاکستان:کرسمس کی دعاؤں میں آسیہ بی بی کی رہائی کی دعائیں


پاکستان:کرسمس کی دعاؤں میں آسیہ بی بی کی رہائی کی دعائیں
پاکستان:کرسمس کی دعاؤں میں آسیہ بی بی کی رہائی کی دعائیں

پاکستان کے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں مسیحیوں نے کرسمس کا تہوار روایتی جوش و خروش سے منایا۔ گرجا گھروں میں کرسمس سروسز ہوئیں،گھروں میں کرسمس ٹریز سجائے، ایک دوسرے کو تحائف دیے، دعوتیں کیں اور بعض مقامات پر سانتا کلاز نے اپنے مخصوص لباس میں بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔

آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں پاکستان کی مسیحی آبادی کی اکثریت آباد ہے اور اس صوبے کا دارالحکومت لاہور مسیحیوں کا بھی مرکز باور کیا جاتا ہے۔ یہاں کے کیتھڈرل چرچ میں کرسمس کی سب سے بڑی سروس کے موقع پر گرجا گھر کے باہر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات دیکھنے میں آئے۔

ملک کے دیگر بڑے گرجا گھروں کی طرح یہاں بھی جو خصوصی دعائیں مانگی گئیں ان میں ضلع ننکانہ کی آسیہ بی بی کی رہائی کی دعا بھی شامل تھی۔ لاہور کیتھڈرل کے ریورنڈ شاہد معراج نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا”ہم نے ملک کی سلامتی، دنیا میں امن اور ان تمام لوگوں کے لیے جو مختلف طرح کی مسائل اور مصائب کا شکار ہیں دعائیں کیں اور آسیہ بی بی کے لیے بھی دعا ہوئی ہے۔“

آسیہ بی بی کو توہین رسالت کے جرم میں ننکانہ کی ایک عدالت سے سزائے موت سنائی جاچکی ہے جس کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر ہے کیونکہ آسیہ کا کہنا ہے وہ بے قصور ہے اور اسے ذاتی دشمنی کی وجہ سے اس مقدمے میں پھنسایا گیا تھا۔

وفاقی وزیر اقلیتی امور شہباز بھٹی نے جو تحقیقاتی رپورٹ حکومت کو پیش کی ہے اس میں بھی آسیہ بی بی کو بے گناہ قراردیا گیا ہے تاہم پاکستان کی مذہبی جماعتیں یہ الزام عائد کررہی ہیں کہ حکومت آسیہ کو صدارتی معافی دلوانا چاہتی ہے اور توہین رسالت کے قانون میں بھی ترمیم کی خواہاں ہے ۔ یہ جماعتیں کئی ہفتوں سے احتجاج کررہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG