رسائی کے لنکس

’بن لادن کے اہل خانہ کو ملک سے باہر نہ بھیجا جائے‘


’بن لادن کے اہل خانہ کو ملک سے باہر نہ بھیجا جائے‘

’بن لادن کے اہل خانہ کو ملک سے باہر نہ بھیجا جائے‘

ایبٹ آباد تحقیقاتی کمیشن نے وزارت داخلہ اور سراغ رساں ایجنسی آئی ایس آئی کو ہدایت کی ہے کہ کمیشن کی اجازت کے بغیر اسامہ بن لادن کے اہل خانہ کو پاکستان سے باہر نہ بھیجا جائے۔

یہ بات سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیشن کے منگل کو اسلام آباد میں ہونے والے پہلے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے ایک بیان کی بتائی گئی ہے۔اجلاس میں کمیشن کے طریقہ کار، گواہوں کے بیانات قلم بند کرنے اور شواہد کی تحقیقات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دو مئی کو ایبٹ آباد کے علاقے بلال ٹاؤن میں القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی فورسز نے خفیہ کارروائی کرکے اسے ہلاک کردیا تھا۔ آپریشن کے بعد اسامہ بن لادن کے اہل خانہ کو یہیں چھوڑ دیا گیا جو پاکستانی حکام کی تحویل میں ہیں۔

تحقیقاتی کمیشن کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد واقعے سے متعلق معلومات رکھنے والے افراد 31جولائی تک کمیشن کے سامنے پیش ہوسکتے ہیں اور ان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ کمیشن کا آئندہ اجلاس گیارہ جولائی کو ہوگا۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی طرف سے تشکیل دیئے گئے اس کمیشن میں جسٹس جاوید اقبال کے علاوہ تین دیگر اراکین میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ندیم احمد، امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر اشرف جہانگیر قاضی اور پولیس کے سابق آئی جی عباس خان شامل ہیں ۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق کمیشن امریکی فورسز کی کارروائی میں متعلقہ پاکستانی حکام کی طرف سے ممکنہ غفلت کی نوعیت ، حالات اور پس منظر کا تعین کر کے اپنی سفارشات مرتب کرے گا۔ تاہم اس کمیشن کو اپناکام مکمل کرنے کے لیے کوئی ڈید لائن نہیں دی گئی ہے ۔

ایبٹ آباد واقعہ کے بعد پاکستان کی طرف سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا تھا اور مئی کے وسط میں پارلیمان کے ایک بندکمرے میں ہونے والے مشترکہ اجلاس میں امریکی فورسز کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک متفقہ قرارداد میں امریکہ سے تعلقات پر نظرثانی کرنے اور اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے آزاد کمیشن بنانے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔

فوج کی ایک ٹیم بھی لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال کی سربراہی میں ایبٹ آباد واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے جو اپنی رپورٹ فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کو پیش کرے گی۔

XS
SM
MD
LG