رسائی کے لنکس

دہشت گردی پوری انسانیت کے لیے خطرہ ہے: نواز شریف


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزارت خارجہ سے جاری بیان میں برسلز میں ہونے والے دھماکوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہے۔ بیان میں بیلجیئم کی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی بھی کیا گیا۔

پاکستان نے بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

منگل کو برسلز کے ہوائی اڈے اور شہر کے ’میٹرو اسٹیشن‘ پر حملے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

وزارت خارجہ سے جاری بیان میں برسلز میں ہونے والے دھماکوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہے۔ بیان میں بیلجیئم کی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی بھی کیا گیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے بھی ایک بیان میں دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کسی ایک ملک یا قوم کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے خطرہ ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ مستقبل کی نسلوں کو اس لعنت سے بچانے کے لیے سب کو مل کر لڑنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کے ہر کونے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ممالک کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔

پاکستانی سینیٹ کے رکن طلحہ محمود کا تعلق مذہبی و سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام (فضل الرحمٰن گروپ) سے ہے، اُنھوں نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ اس مسئلے کی وجوہات کو ختم کیا جائے۔

’’جب اس طرح کا کوئی حملہ ہوتا ہے اور اُن میں ملوث جن لوگوں کی شناخت ہوتی ہے۔۔۔۔ تو ضروری ہے کہ جو اُن سے یہ کام کروا رہے ہیں ان تک پہنچا جائے۔‘‘

ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی فاروق ستار کہتے ہیں کہ حکومت کی یہ واضح پالیسی ہے کہ پاکستان کی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

پاکستان کے وزیراعظم نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ کوئی مذہب معصوم لوگوں کو ہلاک کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ اُنھوں نے کہا کہ دہشت گرد خود کو مختلف مذاہب سے ظاہر کرتے ہیں لیکن اُن کے اقدامات مذاہب کی تعلیمات کے منافی ہوتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG