رسائی کے لنکس

کوہاٹ میں بم دھماکہ،16 ہلاک


ایک پولیس آفیسر بدھ کے روز خودکش حملے میں تباہ ہونے والی ایک گاڑی کا معائنہ کررہا ہے۔ خیبر پختونخواہ کے شہر کوہاٹ میں ہونے والے اس حملے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے۔
ایک پولیس آفیسر بدھ کے روز خودکش حملے میں تباہ ہونے والی ایک گاڑی کا معائنہ کررہا ہے۔ خیبر پختونخواہ کے شہر کوہاٹ میں ہونے والے اس حملے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے۔

کوہاٹ شہر کے تیرہ بازار میں بدھ کی دوپہر ہونے والے ایک طاقتور بم دھماکے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور بیس سے زائد زخمی ہو گئے۔

ضلعی پولیس افسر دلاور خان بنگش کے مطابق یہ حملہ خودکش بمبار کی کارروائی تھی اور اس کا نشانہ بسوں کا ایک مصروف اڈہ تھا۔ انھوں نے بتایا کہ حملہ آور کی عمر اٹھارہ سے بیس سال تھی اور دھماکے میں تقریباً چھ کلو گرام بارود استعمال کیا گیا۔

امدادی کارکنوں نے زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کرنا شروع کردیا ہے جن میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔ ایک عینی شاہد نے صحافیوں کو بتایا کہ خودکش بمبار مسافروں سے بھری ایک بس میں تیزی سے اس وقت داخل ہوا جب وہ اورکزئی ایجنسی کے لیے روانہ ہونے ہی والی تھی۔

رواں ہفتے شمال مغربی پاکستان میں ہونے والا یہ دوسرا خودکش حملہ ہے۔

پیر کے روز افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے مہمندایجنسی میں دو خودکش حملہ آوروں نے مقامی حکام اور قبائلی رہنماؤں کے ایک جرگے کو نشانہ بنایا تھا جس میں لگ بھگ پچاس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری مقامی طالبان نے قبول کی تھی۔

XS
SM
MD
LG