رسائی کے لنکس

کور کمانڈرز کانفرنس: دہشت گردوں کے بلاتفریق خاتمے کا عزم


اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل کے تحت دہشت گردوں، انتہا پسندوں اور فرقہ واریت میں ملوث عناصر کا بلا تفریق خاتمہ کیا جائے گا۔

پاکستان کی عسکری قیادت کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل کے تحت دہشت گردوں، انتہا پسندوں اور فرقہ واریت میں ملوث عناصر کا بلا تفریق خاتمہ کیا جائے گا۔

فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں منگل کو ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل پر موثر عمل درآمد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں سرکاری طور پر یہ بتایا گیا تھا کہ انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل کے تحت 24 دسمبر سے ملک بھر میں لگ بھگ نو ہزار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں مذہبی منافرت پھیلانے والے بھی شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق منگل کو ہونے والے کور کمانڈرز اجلاس میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ’ضرب عضب‘ اور خیبر ایجنسی میں کی جانے والی فوجی کارروائیوں میں پیش رفت سے متعلق بھی شرکاء کو تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

پاکستان کے عسکری عہدیدار یہ کہتے آئے ہیں کہ شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں جاری فوجی کارروائیاں کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔

گزشتہ سال جون میں شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے آغاز کے بعد پاکستانی فوج نے اکتوبر 2014ء میں خیبر ایجنسی میں بھی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔

عسکری کمانڈروں کے بقول شمالی وزیرستان میں آپریشن کے آغاز کے بعد کئی دہشت گرد فرار ہو کر خیبر ایجنسی میں منظم ہونا شروع ہو گئے تھے جن کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG