رسائی کے لنکس

دوعہدے رکھنے پر صدر زرداری سے وضاحت طلب


دوعہدے رکھنے پر صدر زرداری سے وضاحت طلب
دوعہدے رکھنے پر صدر زرداری سے وضاحت طلب

صدر آصف علی زرداری کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست زیر سماعت ہے جس میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریاست کا سربراہ کسی سیاسی جماعت کا عہدہ نہیں رکھ سکتا۔ پیر کو اس مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت عالیہ کے فل بنچ نے حکم جاری کیا کہ صدر زرداری خود یا اپنے نمائندے کے ذریعے عدالت کے سامنے اپنا موقف پیش کریں۔

پاکستان لائیرز فورم کی جانب سے دی گئی درخواست میں استغاثہ کے وکیل اے کے ڈوگر نے وائس آف امریکہ سے ایک انٹرویو میں کہا کہ عدالت عظمیٰ 1993 ء کے اپنے ایک فیصلے میں صدر کو سیاست سے دور رہنے کا کہہ چکی ہے جب کہ اُن کے بقول آئین پاکستان بھی صدر کو سیاست میں حصہ لینے سے روکتا ہے۔

لیکن دوسرے قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئین میں کوئی واضح شق صد ر کو دو عہدے رکھنے سے نہیں روکتی اور اُن کے بقول اس مقدمے سے صدر زرداری کے کسی قانونی مشکل میں پھنسنے کا امکان بہت کم ہے لیکن اس سے صدر کو درپیش قانونی مشکلا ت کا اندازہ ضرور ہوتا ہے جن میں سرفہرست این آراو کے خاتمے کے بعد صدر زرداری کے خلاف سوئٹزرلینڈ میں مقدمے کھولے جانے کا حکم ہے۔

دریں اثناء پیر ہی کو لاہور ہائی کورٹ کے ایک اور دورکنی بنچ نے نیب عدالتوں میں عدم پیشی پر سنائی گئی سزاؤں کے خلاف وزیرداخلہ رحمن ملک کی اپیلیں مستر د کردیں ۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے بعدوزیر داخلہ جب تک ضمانت قبل از گرفتار ی نہیں کر الیتے اُنھیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG