رسائی کے لنکس

آخری ون ڈے: ویسٹ انڈین بالرز نےپاکستان کےچھکےچھڑادیے

  • عمیر ریاض

فائل فوٹو

فائل فوٹو

پاکستان کی پوری ٹیم غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کے باعث 42 اوورز میں صرف 139 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی

ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ون ڈے میں پاکستان کی پوری ٹیم غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کے باعث 42 اوورز میں صرف 139 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی ہے۔

ویسٹ انڈیز کے شہر گویانا میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی بیٹنگ لائن ویسٹ انڈین بالرز کے سامنے پوری طرح بے بس نظر آئی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ پانچویں اوور میں 16 کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر توفیق عمر صرف 3 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ پندرہویں اوور میں احمد شہزاد 9، 22ویں اوور میں عثمان صلاح الدین 8 اور ایک اوور بعد مصباح الحق صرف 1 رن بنا کر آئوٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور چار وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز تھا۔

تاہم ابتدائی بلے باز محمد حفیظ نے قدرے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 55 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ انہیں 29 ویں اوور میں 93 کے مجموعی اسکور پر سیمی نے آئوٹ کیا۔

محمد حفیظ کے پویلین لوٹنے کے بعد بھی پاکستانی وکٹوں کے گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 31 ویں اوور میں عمر اکمل (24)، 33 ویں اوور میں کپتان شاہد آفریدی (9) اور وہاب ریاض (0) آئوٹ ہوئے تو پاکستان 113 کے مجموعی اسکور پر 8 وکٹوں سے محروم ہوچکا تھا۔

39 ویں اوور میں سعید اجمل 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جس کے بعد 42 ویں اوور کی دوسری گیند پر جنید خان بھی صرف 1 کے اسکور پر ویسٹ انڈین بالرز کا نشانہ بن گئے۔ محمد سلمان 19 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے رامپال نے 4 اور سیمی نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ براوو نے 2 جبکہ بیشو نے 1 وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان ابتدائی تین میچ جیت کر یہ سیریز پہلے ہی اپنے نام کرچکا ہے۔ پیر کے روز ہونے والے چوتھے میچ کا فیصلہ بارش ہوجانے کے بعد 'ڈک ورتھ اینڈ لوئس میتھڈ' کے تحت کیا گیا تھا جس کے باعث ویسٹ انڈیز ایک رن سے میچ کا فاتح قرار پایا تھا۔

ایک روزہ میچوں کے اختتام کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ 12 سے 16 مئی تک گویانا جبکہ دوسرا 20 سے 24 مئی تک سینٹ کٹس میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG