رسائی کے لنکس

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ سری لنکا کے خلاف کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت محمد حفیظ کو سونپ دی گئی ہے۔

بورڈ کے چیئر مین ذکا اشرف اور چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے جمعرات کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔

اس موقع پر ذکا اشرف نے بتایا کہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ اور ٹیسٹ میچوں کے لیے مصباح الحق بدستور ٹیم کے کپتان رہیں گے جب کہ ان دونوں فارمیٹ میں محمد حفیظ نائب کپتان ہوں گے۔

پاکستانی ٹیم آئندہ ماہ سری لنکا کا دورہ کررہی ہے جس میں اسے دو ٹی ٹوئنٹی ، پانچ ایک روزہ اور تین ٹیسٹ میچ کھیلنا ہیں۔

فاسٹ باؤلر محمد سمیع کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جب کہ عمر اکمل کو ٹیسٹ میچوں کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

علاوہ ازیں تینوں فارمیٹس کے لیے تین مختلف وکٹ کپیروں کو موقع دیا گیا ہے جن میں شکیل عنصر ٹی ٹوئنٹی، سرفراز احمد ایک روزہ اور عدنان اکمل ٹیسٹ میچوں میں شامل ہوں گے۔

ایک روزہ میچوں کے لیے ملتان سے تعلق رکھنے والے نئے فاسٹ باؤلر راحت علی کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم دورہ سری لنکا کا آغاز یکم جون کو ٹی ٹوئنٹی میچ سے کرے گی۔

XS
SM
MD
LG