رسائی کے لنکس

مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے: ہارون لورگاٹ


مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے: ہارون لورگاٹ
مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے: ہارون لورگاٹ

کرکٹ کی عالمی تنظیم، آئی سی سی کے منتظمِ اعلیٰ ہارون لورگاٹ نے جمعرات کو کراچی میں کہا کہ خطے کی موجودہ مخصوص صورتِ حال میں پاکستان کرکٹ کو مشکل حالات کا سامنا ہے۔ تاہم، عالمی تنظیم آزمائش کے اِن لمحات میں پاکستان کرکٹ سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے، ہارون لورگاٹ نے اخباری کانفرنس میں یہ بات زور دے کر کہی کہ نسلی منافرت کے دور میں کوئی غیر ملکی ٹیم جنوبی افریقہ سے کھیلنے کو تیار نہیں تھی۔ تاہم، جنوبی افریقہ نے اپنے مقامی کرکٹ کے ڈھانچے کو انتہائی مضبوطی کے ساتھ بنائے رکھا جو پاکستان کو بھی کرتے رہنا چاہیئے، تاکہ پاکستان میں کرکٹ فروغ پاتی رہے۔

ہارون لورگاٹ نے امید کا اظہار کیا کہ شاہد آفریدی کی قیادت میں پاکستان ٹیم ٹی20عالمی کپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔

اِس موقع پر پاکستان ٹی 20ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم کو دیکھا جائے تو اُس میں ایسے کھلاڑی اور باؤلر آئے ہیں جو بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ اور اگرایشیا کو دیکھیں تو جیسے ویسٹ انڈیز کی پچزہیں برصغیر میں اُس سے ملتی جلتی پِچیں ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ امکان ایشیائی ٹیمکے جیتنے کا ہے، اور پاکستان ٹیم لازمی طور پر اُس میں سے ہوگی۔

اُنھوں نے پاکستان ٹیم میں شامل 15کھلاڑیوں کی تعریف کی اور کہا کہ اُن میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ ٹیم کو جتوانے میں اہم کردار ادا کرسکیں۔

شاہد آفریدی نے خیال ظاہر کیا کہ اگر پاکستان کی ٹیم ایک بار عالمی کپ جیت سکتی ہے تو دوبارہ بھی چمپین بن سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG