رسائی کے لنکس

تیسرا ون ڈے: پاکستان 21 رنز سے فتح یاب


تیسرا ون ڈے: پاکستان 21 رنز سے فتح یاب
تیسرا ون ڈے: پاکستان 21 رنز سے فتح یاب

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو اس کے ابتدائی بلے بازوں نے پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کیا۔ محمد حفیظ نے 83 اور عمران فرحت نے 70 رنز بنائے

پاکستان نے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں سری لنکا کو 21 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

جمعہ کو دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے۔

جواباً سری لنکا کی پوری ٹیم 49 ویں اوور 236 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستانی اوپنر محمد حفیظ کو 83 رنز اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا نے جب 258 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اسے آغاز میں ہی اس وقت مشکل کا سامناکرنا پڑا جب ابتدائی بلے باز تھرنگا پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔ تاہم اس کے بعد کپتان دلشان اور سنگاکارا نے تیسری وکٹ کی پارٹنرشپ میں عمدہ کھیل پیش کیا۔

دلشان 64 رنز بنا کر سری لنکا کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے جب کہ سنگاکارا نے 45 رنز بنائے۔

تاہم ان دونوں بلے بازوں کے بعد سری لنکا کا کوئی بھی بیٹس مین زیادہ دیر تک پاکستانی بالرز کے سامنے نہ ٹہر سکا اور پوری ٹیم 5ء48 اوورز میں 236 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے عمر گل اور سعید اجمل نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جب کہ شاہد آفریدی نے 2 اور محمد حفیظ نے 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو اس کے ابتدائی بلے بازوں نے پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کیا۔ محمد حفیظ نے 83 اور عمران فرحت نے 70 رنز بنائے۔

تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

سری لنکا کی طرف سے مالنگا اور پراسانا نے دو، دو جب کہ دلشان اور پریرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کی فتح کے بعد پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 1-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ پہلا میچ پاکستان نے 8 وکٹوں اور دوسرا سری لنکا نے 25 رنز سے جیتا تھا۔

سیریز کا چوتھا میچ اتوار کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG