رسائی کے لنکس

شارجہ: تیسرا ون ڈے کرکٹ میچ، نیوزی لینڈ کو شکست


فائل
فائل

پاکستان کے پہاڑ جیسے364 کے اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے، نیوزی لینڈ 217 رنز پر ڈھیر ہوگیا۔ احمد شہزاد ’مین آف دی میچ‘ قرار۔۔ بقول آفریدی، ’تمام کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی دکھائی‘

شارجہ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کرکٹ میچ میں اتوار کو پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 147 رنز سے شکست دے دی، جب پاکستان کے پہاڑ جیسے364 کے اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے، نیوزی لینڈ 217 رنز پر ڈھیر ہوگیا۔

اور یوں، پانچ میچوں کی سیریز میں، پاکستان کو دو -ایک کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

احمد شہزاد کو ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔

میچ کے بعد انٹرویو میں، کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرنا، بنائی گئی حکمت عملی کا حصہ تھی۔

بقول اُن کے،’کھلاڑیوں نے دفاع کو ہتھیار بنا کر کامیابی حاصل کی؛ جب کہ، تمام ہی لڑکوں نے بہترین کارکردگی دکھائی‘۔

آفریدی نے 21 گیندوں پر 50 رنز کیے؛ جب کہ نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایک سوال کے جواب میں، شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ، نیوزی لینڈ کی ٹیم میں اب بھی، سر اٹھانے کی پوری صلاحیت موجود ہے۔

ادھر، احمد شہزاد نے کہا ہے کہ ’جیت کا کریڈت پوری ٹیم کو جاتا ہے۔۔ میری کوشش تھی کہ ہر گیند کو میرٹ پر کھیلوں‘۔

اس سے قبل، ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 365 رنز کا ہدف دیا تھا۔

اتوار کے روز شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ پچاس اوورز میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز بنائے۔

ابتدائی بلے باز احمد شہزاد نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئےشاندار سینچری اسکور کی جب کہ شاہد آفریدی نے 26 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے ہینری نے تین جب کہ مک کلنگم، اینڈریسن اور مک کلم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مصباح الحق کے زخمی ہونے کے باعث قومی ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کر رہے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے ایک تبدیلی کی گئی ہے مصباح الحق کی جگہ عمر اکمل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے تین تبدیلیاں کی ہیں۔ ملنے، براؤن لی اور ویٹوری ٹیم کا حصہ نہیں ہیں بلکہ ناتھن مکولم، مارٹن گپٹل اور نیشم کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پانچ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔ پاکستان نے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور دوسرے میچ میں اسے چار وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

XS
SM
MD
LG