رسائی کے لنکس

اظہر علی ایک روزہ ٹیم کے نئے کپتان مقرر


اظہر علی (فائل فوٹو)

اظہر علی (فائل فوٹو)

30 سالہ نو منتخب کپتان اظہر علی نے 14 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 41.09 کی اوسط سے 452 رنز بنا رکھے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اظہر علی کو ایک روزہ میچوں کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان بنا دیا ہے، جب کہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بدستور مصباح الحق ہوں گے۔

شاہد آفریدی کو ‘ٹی ٹوئنٹی‘ ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔

کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے پیر کو لاہور میں پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا کہ اظہر علی کو پینٹیگولر کپ میں شاندار کارکردگی، عمدہ قائدانہ صلاحیت اور اچھے رویے کی بدولت یہ عہدہ دیا گیا ہے۔

انھوں نے پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا نائب کپتان بھی مقرر کرنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر شہر یار خان نے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے مصباح الحق اور شاہد آفریدی کو خراج تحسین بھی پیش کیا اور کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

30 سالہ نو منتخب کپتان اظہر علی نے 14 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 41.09 کی اوسط سے 452 رنز بنا رکھے ہیں۔

ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 96 ہے جو انھوں نے 2012ء میں سری لنکا کے خلاف بنایا تھا۔

اظہر علی نے اپنا آخری ایک روزہ میچ جنوری 2013ء میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا۔

شہریار خان نے سلیکشن کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ہارون الرشید کو چیف سلیکٹر کے عہدے پر فائز کیا گیا ہے جب کہ ان کے ساتھ سلیم جعفر، کبیرخان اور اظہر خان سلیکشن کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG