رسائی کے لنکس

گریگ چیپل کا پاکستان کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے سے معذوری کا اظہار


آسٹریلیا کے سابق کپتان گریگ چیپل نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے سے معذوری کا اظہار کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیرمین اعجاز بٹ نے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے متعدد غیر ملکی کوچز سے رابطہ کیا گیا ہے، جِن میں گریگ چیپل بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گریگ چیپل 2005ء سے 2007ء تک بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں، تاہم اس دوران وہ خاصے متنازع ثابت ہوئے اور بھارت کے سینیئر کھلاڑی ان سے نالاں تھے۔

گریگ چیپل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوچنگ کی پیش کش اُن کے لیے ’باعثِ اعزاز ہے‘ تاہم وہ فی الحال کسی غیر ملکی ٹیم کی کوچنگ نہیں کرنا چاہتے۔ گریگ چیپل اس وقت آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوچ ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے حالیہ کوچ انتخاب عالم ٹیم کی آسٹریلیا میں مایوس کارکردگی کے بعد شدید تنقید کی زد میں ہیں اور بہت سے حلقوں سے ان کےاستعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ تاہم فی الحال انتخاب عالم نے چیف سیلیکٹر اقبال قاسم کے نقشِ قدم پر چلنے سے انکار کیا ہے۔

آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان ٹیم کے ’وائٹ واش‘ کے بعد اقبال قاسم اپنے عہدے سے دست بردار ہو گئے تھے۔

تاہم ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے کرتا دھرتا انتخاب عالم سے چھٹکارا پانے پر کمر بستہ ہیں۔ اس ماہ کی 20 اور 21 تاریخ کو پاکستان کرکٹ ٹیم دبئی میں انگلستان کے خلاف دو ٹوئنٹی 20 میچ کھیل رہی ہے، تاہم انتخاب عالم اس دورے میں پاکستانی ٹیم کے ہمراہ نہیں ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG