رسائی کے لنکس

ایشیا کپ: پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست


بنگلہ دیش میں جاری گیارویں ایشیاکپ ٹورنامنٹ میں بھارت نے ایک شاندار مقابلے کے بعد پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے بھارت کو جیتنے کے لیے 330 رنز کا بظاہر ایک مشکل ہدف دیاتھا۔

بھارت کی پہلی وکٹ صفر کے سکور پر گئی جس سے یہ دکھائی دینے لگا کہ بھارتی ٹیم کو یہ مشکل ہدف حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پہلی گرنے والی بھارتی وکٹ گوتم گمبھہیر کی، جو محمد حفیظ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

دوسری وکٹ کی شراکت میں ورات کوہلی اور سچن ٹنڈلکر نے ٹیم کو سہارا دیا اور ان دونوں کی شراکت میں 133 رنز کا اضافہ ہوا۔

ٹنڈولکر 52 کے اسکور کے سعید اجمل کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بنگلہ دیش میں جاری گیارویں ’ایشیا کپ‘ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوروں میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنائے۔

اتوار کو میر پور کے شیر بنگال نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور ناصر جمشید نے سنچریاں اسکور کیں اوردونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 224 رنزبنائے جو ایشیا کپ کا نیا ریکارڈ ہے۔ حفیظ 105 اورجمشید 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

یونس خان نے 34 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے اور اُنھیں پراوین کمار کی گیند پر سوریش رائنا نے کیچ آؤٹ کیا۔

بھارت کی تیسری وکٹ 305 کے اسکور پر گری جب سریش رائنا 68 اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

کوہلی نے 148 گیندوں پر 183 اسکور کر کے اپنی ٹیم کے لیے جیت کو یقینی بنانے میں اہم کردار اد کیا۔

بھارت کی چوتھی وکٹ 318 پر گری اورآؤٹ ہونے والے کھلاڑی کوہلی تھے۔

اس میچ میں شکست کے باوجو پاکستان 9 پوائيٹس کے ساتھ ٹورنامنٹ میں سرفہرست ہے اور وہ فائنل میں پہنچ چکاہے۔

زیادہ امکان یہ ہے فائنل میچ بھی پاکستان اور بھارت کے ہی درمیان ہوگا کیونکہ بھارت کے 8 پوانٹس ہے اور دوسری ٹیموں کے مقابلے میں اس کارن ریٹ بھی زیادہ ہے۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان اور بھارت نے اس میچ کے لیے اپنی ٹیموں میں ایک، ایک تبدیلی کی تھی۔ پاکستان نے وکٹ کیپر سرفراز احمد کی جگہ باؤلر وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا جب کہ آج کے میچ میں وکٹ کیپر عمر اکمل تھے۔

بھارت نے راوندرا جدیجا کی بجائے یوسف پٹھان کو ٹیم جگہ دی۔

جمعہ کو بنگلہ دیش کے ساتھ ایک سنسنی خیز میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست کے بعد بھارت کو ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے پاکستان کے خلاف میچ جیتنا لازمی ہوگیاتھا۔

پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں آخری مرتبہ گزشتہ سال مارچ میں عالمی کپ کے سیمی فائنل کے موقع پر موہالی میں آمنے سامنے آئی تھیں، جس میں پاکستان کو شکست ہو گئی تھی۔

ایشیا کپ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو اب تک بھارت پانچ، سری لنکا چار اور پاکستان ایک مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کر چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG