رسائی کے لنکس

ون ڈے سریز میں واپسی کیلئے پاکستان کے پاس آخری چانس


پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی
پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ بدھ کو اوول میں کھیلا جا رہا ہے ۔ابتدائی دونوں میچوں میں شکست کے بعد پاکستان کے لئے یہ آخری موقع ہے ۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر پاکستان اپنی فیلڈنگ درست کر لے تو فتح کو اس کا مقدر بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

پاکستان اور انگلینڈ میں اگر پر نظر ڈالی جائے تو انگلش ٹیم کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے ۔ دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر 65 مرتبہ ایک دوسرے کے مد مقابل آ چکی ہیں ۔پاکستان کو 26 بار فتح نصیب ہوئی جبکہ 37 میچوں میں اسے شکست کا کڑوا گھونٹ پینا پڑا ۔

اگر اوول ٹیسٹ کی بات کی جائے تو یہاں دونوں ٹیمیں چار مرتبہ آمنے سامنے آئیں اور چاروں مرتبہ جیت انگلینڈ کے ہاتھوں میں ہی گئی ۔ اب دیکھنا ہے کہ کیا اوول میں پانچ سال بعد انگلش ٹیم کو شکست دینے والی پاکستانی ٹیم ون ڈے سیریز میں بھی واپس آ سکتی ہے یا ٹیسٹ اور ٹی 20 کی طرح ون ڈے میچز میں بھی اس کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا ۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بیٹنگ نے جس طرح سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں کلک کیا اگر تیسرے میچ میں بھی اسی طرح کی پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھیں اور فیلڈرز بالرز کا ساتھ دیں ، پہلی غلطیاں نہ دھرائیں تو یقینی طور پر پاکستان کے لئے اوول ایک بار پھر خوش قسمت ثابت ہو سکتا ہے ۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عرفان کی جگہ آل راؤنڈر عبدرالرزاق کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا ۔ عبدالرزاق کی ٹیم میں واپسی یقینا ایک خوش آئند اقدام ہو گا کیونکہ پاکستان کی ٹیم میں اس وقت ایک آل راوئڈر کی شدید کمی محسوس کی جا رہی ہے ۔ دیگر ٹیموں میں چھ نمبر کے بعد بھی آل راؤنڈر بیٹنگ کے ذریعے حریف ٹیم کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں لیکن پاکستانی ٹیم میں اس پوزیشن پرآل راؤنڈر نہ ہونے کے باعث بالرز آ جاتے ہیں اور اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہو پاتا ۔

دوسری جانب پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ اوول کی وکٹ بیٹنگ کے لئے انتہائی ساز گار ہے اور اس پر عمد ہ کارکردگی دکھانے کی بھر پور کوشش کریں گے ۔ آفریدی نے تسلیم کیا ہے کہ غیر معیاری فیلڈنگ سے کوئی بھی میچ جیتنا ناممکن ہے اور اسی لئے ٹیم کی تمام تر توجہ فیلڈنگ پر مرکوز ہے ۔

XS
SM
MD
LG