رسائی کے لنکس

دورہ نیوزی لینڈ: سہیل تنویر پاکستانی اسکواڈ میں شامل


دورہ نیوزی لینڈ: سہیل تنویر پاکستانی اسکواڈ میں شامل
دورہ نیوزی لینڈ: سہیل تنویر پاکستانی اسکواڈ میں شامل

لیفٹ آرم بالر سہیل تنویر کو نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

سہیل تنویر گزشتہ سال ہونے والے اپنے گھٹنے کے آپریشن کے بعد سے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیل پائے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دو ہفتے قبل دورہ نیوزی لینڈ کیلئے اعلان کردہ پاکستانی اسکواڈ میں بھی انہیں اسی بنیاد پر شامل نہیں کیا گیا تھا۔تاہم پیر کے روز پی سی بی کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ میڈیکل پینل نے سہیل تنویر کو طبی معائنے کے بعد کلیئر کردیا ہے جس کے بعد انہیں نیوزی لینڈ روانہ کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اپنے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران اس اتوار کو کھیلا گیا پہلا ٹونٹی 20 میچ پانچ وکٹوں سے ہار گیا تھا۔ پاکستان دورے کے دوران دو مزید ٹوئنٹی 20 میچوں کے علاوہ دو ٹیسٹ اور چھ ون ڈے میچز بھی کھیلے گا۔

نیوزی لینڈ کے ٹور سے ڈراپ کیے جانے کے بعد سہیل تنویر نے قائدِ اعظم ٹرافی کے ایک ڈومیسٹک ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ 26 سالہ لیفٹ آرم کا کہنا تھا کہ انہوں نے پی سی بی کو بتا دیا ہے کہ انہیں اب بالنگ اور فیلڈنگ میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں اور وہ انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے خود کو تیار سمجھتے ہیں۔

اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کے تحت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے عائد کردہ پابندی کا سامنا کرنے والے فاسٹ بالرز محمد آصف اور محمد عامر کی عدم موجودگی کے باعث پاکستانی ٹیم پہلے ہی خاصی مشکلات سے دوچار ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ سہیل تنویر کی شمولیت کے بعد پاکستانی ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کے دوران بہتر کارکردگی دکھانے کی پوزیشن میں آجائے گی۔

XS
SM
MD
LG