رسائی کے لنکس

کرکٹ ٹیم کی پشاور حملے کے متاثرین سے ملاقات


ٹیم کے کپتان مصباح الحق، آل راؤنڈر شاہد آفریدی، احمد شہزاد، یاسر شاہ محمد عرفان اور احسان عادل کے علاوہ ٹیم انتظامیہ کے عہدیدار بچوں سے ملے اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ ماہ دہشت گرد حملے کا نشانہ بننے والے اسکول کے بچوں سے اظہار یک جہتی کے لیے ہفتہ کو پشاور میں ان سے ملاقات کی۔

ٹیم کے کپتان مصباح الحق، آل راؤنڈر شاہد آفریدی، احمد شہزاد، یاسر شاہ محمد عرفان اور احسان عادل کے علاوہ ٹیم انتظامیہ کے عہدیدار بچوں سے ملے اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔

کھلاڑی اس حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ملنے کے علاوہ سی ایم ایچ بھی گئے جہاں انھوں نے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔

بعد ازاں کھلاڑیوں نے اپنے اپنے ٹوئٹر پر ان بچوں کے ساتھ تصاویر بھی جاری کیں اور انھیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

طلبا نے ٹیم کے لیے نیک خواہشات کے ساتھ اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان آئندہ ماہ شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں فاتح ہو گی۔

16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں 134 بچوں سمیت 150 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

جس وقت یہ واقعہ پیش آیا پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات می نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں مصروف تھی۔ وہاں پاکستانی کھلاڑیوں نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیلا تھا۔

بعد ازاں سابق کپتان اور سینیئر کھلاڑی یونس خان نے اس اسکول کا دورہ کیا اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کی طرف سے بھی طلبا کے لیے تحائف پیش کیے۔

اسکول پر ہونے والے حملے کو ملک کی تاریخ کا بدترین دہشت گرد واقعہ قرار دیا جارہا ہے اور اس کے بعد سے نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ امریکہ سمیت دنیا کے مختلف ملکوں کی طرف اس پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

ملک کی عسکری و سیاسی قیادت کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نامور شخصیات حالیہ دنوں میں اس اسکول کا دورہ کر چکی ہیں۔

رواں ماہ ہی پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان بھی بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یہاں آئے تھے اور انھوں نے اپنے ایک حالیہ مقابلے میں پہنا جانے والا لباس بھی نیلامی کے لیے پیش کیا جس کی رقم انھوں نے اسکول حملے کے متاثرین کو دینے کا اعلان کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG