رسائی کے لنکس

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ون ڈے برابر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اڑتالیسویں اوور کے اختتام تک 205 کے مجموعی اسکور پر ویسٹ انڈیز کے نو کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور میزبان ٹیم کی شکست یقینی نظر آرہی تھی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سینٹ لوشیا میں کھیلا جانے والا تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 'ٹائی' ہوگیا ہے۔

جمعے کو ہونے والے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس پر قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے۔

جواباً ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز ہی بناسکی۔

میزبان ٹیم نے 230 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اس کا آغاز کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔ اوپنرز کرس گیل اور جانسن چارلز 16 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

پچاس کے مجموعی اسکور ویسٹ انڈیز کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔ اس موقع پر مارلن سیموئلز اور لینڈل سائمنزنے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 91 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی میچ پر گرفت ممکن بنائی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب لینڈل سائمنز 75 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ سیموئلز نے 46 رنز اسکور کیے۔

اڑتالیسویں اوور کے اختتام تک 205 کے مجموعی اسکور پر ویسٹ انڈیز کے نو کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور میزبان ٹیم کی شکست یقینی نظر آرہی تھی۔

لیکن کیمر روچ اور جیسن ہولڈر آخری بال تک وکٹ پر ڈٹے رہے اور بھرپور 'فائٹ بیک' کا مظاہرہ کیا۔ویسٹ انڈیز کو آخری گیند پر میچ جیتنے کے لیے تین رنز درکار تھے لیکن روچ اور ہولڈر دو رنز اسکور کرکے میچ برابر کرنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان اور سعید اجمل نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد عرفان نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں نقصان پر 229 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ عمر اکمل 40 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

سابق کپتان اور آل رائونڈر شاہد آفریدی کا بلا مسلسل دوسرے میچ میں بھی نہ چل سکا اور وہ صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر اور ڈینی براوو نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ کیمر روچ اور ڈیرن سیمی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔ پہلے میچ میں پاکستان نے 126 رنز سے فتح حاصل کی تھی جب کہ دوسرا میچ ویسٹ انڈیز نے 37 رنز سے جیتا تھا۔

سیریز کا چوتھا میچ اتوار کو سینٹ لوشیا میں ہی کھیلا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG