رسائی کے لنکس

پاکستان نے 31 بھارتی ماہی گیر پکڑ لیے


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان نے بحیرہ عرب میں اُس کی حدود میں ماہی گیری کرنے والے بھارت کے 31 شہریوں کو 14 کشتیوں سمیت حراست میں لے لیا ہے۔

پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہفتہ کو معمول کی ایک گشت کے دوران ان بھارتی ماہی گیروں کو حراست میں لیا گیا۔

’’بھارتی ماہی گیروں کی جانب سے سمندری حیات سے بھرپور پاکستان کے انڈس ڈیلٹا میں اعلٰی معیار کی مچھلیاں پکڑنے کے لیے مسلسل دراندازی کا سلسلہ جاری ہے جس سے مقامی ماہی گیر ذریعہ معاش سے محروم اور ہمارے مچھلی کے ذخائر میں کمی کے ساتھ ساتھ نایاب اقسام کی مچھلیوں کے ماحول کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔‘‘

بیان میں بتایا گیا ہے کہ زیر حراست بھارتی ماہی گیروں کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کی حدود میں ماہی گیری کرنے کی پاداش میں اکثر ایک دوسرے کے شہریوں کو حراست میں لے لیتے ہیں۔

رواں ماہ پاکستان نے 179 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر کے بھارت کے حوالے کیا تھا جبکہ 360 دیگر اس وقت بھی اس کی حراست میں ہیں۔

XS
SM
MD
LG