رسائی کے لنکس

مغوی امریکی کی بازیابی سے متعلق اطلاعات کی تردید


لاہور کے معروف علاقے ماڈل ٹاؤن میں ڈاکٹر وارن وائنس ٹائن کی رہائش گاہ
لاہور کے معروف علاقے ماڈل ٹاؤن میں ڈاکٹر وارن وائنس ٹائن کی رہائش گاہ

پاکستان میں حکام نے تقریباً دو ہفتے قبل لاہور سے اغوا ہونے والے ترقیاتی اُمور کے امریکی ماہر کی بحفاظت بازیابی سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔

لاہور پولیس کے اعلیٰ ترین افسر احمد رضا طاہر نے اُن سے منسوب کیے گئے اس بیان کو مسترد کیا کہ 70 سالہ ڈاکٹر وارن وائنس ٹائن کو صوبہ پنجاب کے شہر خوشاب میں جمعرات کی صبح ایک آپریشن میں بازیاب کرایا گیا۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے بھی ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر وائنس ٹائن کی بازیابی کی خبروں کی تصدیق نہیں کی جا سکتی ہے۔ ’’ہمیں تاحال کوئی ایسی اطلاع نہیں موصول ہوئی جس کی بنیاد پر وارن وائنس ٹائن کی بازیابی کی تصدیق کی جا سکے، لیکن ہمیں مثبت پیش رفت کی اُمید ہے۔‘‘

پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں امریکی شہری کی بازیابی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ فوری طور پر اس خبر کی تصدیق نہیں کر سکتیں۔

احمد رضا طاہر نے ایک روز قبل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں بتایا تھا کہ پولیس نے اس واردات میں ملوث تین اہم ملزمان کو وزیر آباد اور فیصل آباد سے گرفتار کیا ہے اور بہت جلد ڈاکٹر وائنس ٹائن کو بازیاب کرا لیا جائے گا۔

ڈاکٹر وائنس ٹائن کو کم از کم آٹھ نا معلوم افراد نے 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب لاہور میں اُن کی رہائس گاہ سے اغوا کر لیا تھا۔ ڈاکٹر وائنس ٹائن امریکہ میں قائم ایک تنظیم جے ای آسٹن ایسوسی ایٹس کے پاکستان میں سربراہ ہیں۔

مشتبہ اغوا کار کا خاکہ
مشتبہ اغوا کار کا خاکہ

تفتیش کار امریکی ماہر کی رہاش گاہ پر تعینات نجی سکیورٹی گارڈز سمیت متعدد مشتبہ افراد سے تحقیقات میں مصروف ہیں، اور پولیس نے ایک مشتبہ اغوا کار کا خاکہ بھی جاری کر رکھا ہے۔

صوبائی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے عمل میں مقامی اداروں کو امریکی ایجنسی ’ایف بی آئی‘ کی مدد بھی حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG