رسائی کے لنکس

دفاعی شعبے میں تعاون پر پاک امریکہ مذاکرات


امریکی معاون وزیر دفاع جیمز ملر سیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک سے ملاقات کر رہے ہیں۔
امریکی معاون وزیر دفاع جیمز ملر سیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک سے ملاقات کر رہے ہیں۔

امریکی سفارت خانے کی ترجمان نے بتایا کہ مذاکرات میں دوطرفہ دفاعی تعاون کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور بات چیت کا مقصد دفاع کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

پاکستان اور امریکہ کے درمیان دفاع کے شعبے میں تعاون پر دو روزہ مذاکرات کا آغاز پیر کو راولپنڈی میں ہوا۔

بات چیت کے اس دور میں امریکی وفد کی قیادت معاون وزیر دفاع جیمز ملر جب کہ پاکستانی وفد کی سربراہی سیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک نے کی۔

پاکستان اور امریکہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والے یہ مذاکرات منگل کو بھی جاری رہیں گے جن میں دفاع کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔

امریکی سفارت خانے کی ترجمان رائن ہیرس نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کئی سالوں سے دفاع کے شعبے میں تعاون جاری ہے اور دونوں ملکوں کے دفاعی مشاورتی گروپ کا یہ اکیسواں اجلاس ہے۔

’’اجلاس میں دوطرفہ دفاعی تعاون کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اس کا مقصد دفاع کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔‘‘

دفاعی تجزیہ کار بریگیڈئر ریٹائرڈ محمود شاہ کہتے ہیں کہ خطے کے موجودہ حالات کے تناظر میں اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان دفاع کے شعبے میں قریبی تعاون ضروری ہے۔

حالیہ مہینوں میں پاک امریکہ تعلقات میں بہتری آئی ہے اور دونوں ملک علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے آئے ہیں کیوں کہ مبصرین کا کہنا ہے کہ باہمی اعتماد کے ذریعے ہی دوطرفہ مفادات کے حصول میں پیش رفت کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
XS
SM
MD
LG