رسائی کے لنکس

پاکستان، بھارت مذاکرات کے مستقبل کے بارے میں پرامید


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان بھوٹان میں ایک روز قبل ہونے والی ملاقات میں بظاہر دونوں ملکوں کے درمیان جامع امن مذاکرات کی بحالی سے متعلق کوئی خاطرخواہ پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

تاہم مذاکرات کے اس دور کی تفصیل بتائے بغیر پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وہ ’’پراعتماد اور پرامید ہیں‘‘ کہ دوطرفہ رابطوں میں پیش رفت ہوگی۔

ملاقات کے بعد جاری کیے گئے بیان کے مطابق دونوں وفود نے مستقبل میں مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کرتے ہوئے اس سلسلے میں ’’مفید اور بے تکلفانہ‘‘ گفتگو کی۔

بھوٹان کے دارالحکومت تھمپو میں ہونے والی اس ملاقات کا ایک مقصد دونوں ملکو ں کے وزراء خارجہ کے مابین مجوزہ ملاقات کے ایجنڈے کو حتمی شکل بھی دینا تھا۔

تقریبا ً چھ ماہ کے وقفے کے بعد سلمان بشیر اور اْن کی بھارتی ہم منصب نروپما راوٴ کے درمیان ہونے والی بات چیت سے قبل دونوں عہدے داروں نے صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تسلسل سے رابطوں کی راہ ڈھونڈنے کی کوشش کریں گے۔

دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اتوار کی شام ہونے والی یہ ملاقات تھمپو میں جنوبی ایشیائی ملکوں کی تنظیم سارک کے خارجہ سیکرٹریوں کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

ممبئی حملوں کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ یک طرفہ طور پر منقطع کردیا تھا تاہم خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان رابطوں کا سلسلہ گذشتہ سال فروری میں دوبارہ بحال ہوا جب سلمان بشیر اور نروپما راوٴ پہلی مرتبہ نئی دہلی میں ملے۔ جب کہ چھ ماہ قبل دونوں اعلیٰ سفارت کاروں کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG