رسائی کے لنکس

کشمیر میں اعتماد سازی کے اقدامات پر پاک بھارت مذاکرات


کشمیر میں اعتماد سازی کے اقدامات پر پاک بھارت مذاکرات
کشمیر میں اعتماد سازی کے اقدامات پر پاک بھارت مذاکرات

پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ حکام نے پیر کو نئی دہلی میں ہونے والے ایک روزہ مذاکرات میں کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے آر پار اعتماد سازی کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا تاکہ اُن پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔

مذکرات کے بعد جاری ہونے والے ایک مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے عہدیداروں نے لائن آف کنٹرول کے آر پار سفر اور تجارت کے موجودہ اقدامات پر غور کے علاوہ مزید اقدامات متعارف کرانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں پاکستان کے چھ رکنی وفد کی سربراہی وزارت خارجہ میں جنوبی ایشیا کی ڈائریکٹر جنرل زہرہ اکبری جب کہ بھارتی وفد کی قیادت پاکستان، افغانستان اور ایران سے متعلق اُمور کے جوائنٹ سیکرٹری وائی کے سنہا کر رہے ہیں۔

باہمی اعتماد سازی کے فروغ کے لیے یہ مذاکرات ایسے وقت ہوئے جب دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی رواں ماہ کے اواخر میں نئی دہلی میں ملاقات طے ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت کے تجارتی مرکز ممبئی میں گزشتہ ہفتے ہونے والے بم حملوں کے بعد بھارت اور پاکستان کے اعلیٰ حکام نے واضح کیا تھا کہ تشدد کے ان واقعات کو دونوں ملکوں کے درمیان جاری مذاکراتی عمل پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں ہفتہ کو ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں وزارت خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان ممبئی بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے موضوع کو پاکستان اور بھارت مذاکرات میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG