رسائی کے لنکس

پاکستان کو آبی وسائل کے مفید استعمال میں تعاون کی یقین دہانی


پاکستان کو آبی وسائل کے مفید استعمال میں تعاون کی یقین دہانی
پاکستان کو آبی وسائل کے مفید استعمال میں تعاون کی یقین دہانی

امریکہ نے پاکستان کو آبی وسائل کے موثر استعمال میں تعاون اور متعلقہ پاکستانی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاک امریکہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے سلسلے میں پانی کے اُمور پر بات چیت کے لیے قائم ورکنگ گروپ کے بدھ کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کی اعلیٰ عہدے دار ماریہ اوٹیرو نے پانی کی دستیابی میں کمی کو انتہائی سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے متنبہ کیا کہ اس سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹنا ناگزیر ہے کیوں کہ یہ پاکستان کو زرعی، معاشی اور یہاں تک کہ سیاسی بحران کا بھی شکار کر سکتا ہے۔

’’ہم (امریکہ) پاکستان کو آبی شعبے سے متعلق چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں مدد دینے کے عزم پر پختگی سے قائم ہیں۔‘‘ اُنھوں نے کہا کہ اس امریکی عزم کا اعادہ خود وزیر خارجہ ہلری کلنٹن بھی پاکستانی عہدے داروں سے اپنی حالیہ ملاقاتوں میں کر چکی ہیں۔

ماریہ اوٹیرو اجلاس میں امریکی وفد کی قیادت کر رہی تھیں، جب کہ پاکستانی وفد کی سربراہی وزیر اعظم کے معاون خصوصی کمال مجید نے کی۔ اجلاس میں پاکستان کے چاروں صوبوں اور اس کے زیر انتظام کشمیر کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور اپنے مسائل سے امریکی وفد کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمال مجید نے کہا کہ امریکی ہم منصبوں سے بات چیت کا مقصد مل بیٹھ کر مستقبل کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا اور دستیاب پانی کے استعمال کو مفید بنانے پر غور کرنا ہے۔

’’پانی کی طلب میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ہم (پاکستان) بتدریج اس کی قلت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔‘‘

کمال مجید نے کہا کہ اگر آبی شعبے میں پاکستان کی فوری مدد کے طور پر امریکہ میں استعمال ہونے والی’ڈرپ اریگیشن‘ نامی ٹیکنالوجی کو پاکستان میں بھی متعارف کرایا جائے تو یہ ایک موثر اور مثبت پیش رفت ہوگی۔

اُنھوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے علاوہ بالواسطہ طور پر بھارت میں زیر تعمیر متنازع ڈیموں کی طرف بھی امریکہ کی توجہ دلانے کی کوشش کی جن کی وجہ سے پاکستان کو خدشہ ہے کہ مستقبل میں پانی کی کمی کا مسئلہ بحران کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

زرعی ملک ہونے کے ناطے پاکستان اپنے 90 فیصد سے زائد آبی وسائل آبپاشی کے لیے استعمال کر رہا ہے لیکن جہاں ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں کمی آ رہی ہے وہیں عمر رسیدہ نہری نظام کے باعث پانی کا بڑا حصہ کھیتوں تک پہنچنے سے پہلے ہی سیم کی صورت میں ضائع ہو جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG