رسائی کے لنکس

نابینا افراد کیلئے ایک انوکھا تھیٹر شو


visual stage
visual stage

اس ڈرامے کی دلچسپ بات یہ ہے کہ سٹیج پر موجود ہر چیز کا کہانی میں کوئی نہ کوئی کردار ہے۔ ڈرامے کے شروع میں ہی حاضرین ان چیزوں کو چھو کر دیکھتے ہیں تو انہیں سٹیج پر ہونے والے ایکشن کا بہتر اندازہ ہوتا ہے۔

امریکہ کی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں واقع ایک تھیٹر کمپنی نے نابینا افراد کیلئے ایک نئی طرز کا شو متعارف کرایا ہے۔ اس تھیٹر ڈرامے میں پہلے نابینا شائقین سٹیج پر جا کراس کا جائزہ لیتے ہیں اور وہاں موجود چیزوں کو ہاتھ سے چھوکر محسوس کرتے ہیں۔ جب انہیں اسٹیج پر موجود چیزوں اور اداکاروں کی جگہ کا اندازہ ہو جاتا ہے تو وہ اپنی کرسیوں پر جا کر بیٹھ جاتے ہیں اور اس طرح وہ ڈرامے کا صحیح لطف اٹھاکراس سے محظوظ ہوتے ہیں۔

ان دنوں کئی تھیٹر کمپنیاں بصارت سے محروم لوگوں کیلئے خصوصی شوز کا اہتمام کرتی ہیں۔ وہ حاضرین کو سننے کا ایک آلہ فراہم کرتی ہیں جس کے ذریعے وہ سٹیج پر ہونے والے ایکشن کی تفصیل سن سکتے ہیں۔ مگر بالٹی مور کی ایوری مین تھیٹر کمپنی اس سے بھی آگے ایک قدم اٹھایا ہے۔

کمپنی کے ایجوکیشن ڈائریکٹر مارکس کڈ کا کہنا ہے کہ اگرآپ دیکھ نہیں سکتے اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ ڈرامے سے لطف اندوز نہیں ہو سکتے۔

ہر ڈرامے میں چیزوں کو چھو کر محسوس کرنا ممکن نہیں۔ مگر 1930ءمیں بنایا جانے والامزاحیہ ڈرامہ ’’یو کانٹ ٹیک اٹ وِد یُو‘‘ اس نئے تجربے کیلئے بہت موزوں تھا۔

مارکس کڈ نے کہا، ’’اس ڈرامے کی دلچسپ بات یہ ہے کہ سٹیج پر موجود ہر چیز کا کہانی میں کوئی نہ کوئی کردار ہے۔ ڈرامے کے شروع میں ہی آپ کو ایک ٹائپ رائٹر اور ایک کھوپڑی کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔‘‘ حاضرین ان چیزوں کو چھو کر دیکھتے ہیں تو انہیں سٹیج پر ہونے والے ایکشن کا بہتر اندازہ ہوتا ہے۔

ایوری مین تھیٹر کئی برسوں سے نابینا افراد کیلئے چھو کر محسوس کئے جانے والے ڈرامے پیش کر رہی ہے۔ عموماً ہر سیزن میں ایسا ایک کھیل ضرور ہوتا ہے۔

بینائی سے محروم راجر ولیم سن باقاعدگی سے ایسے ڈراموں میں شریک ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب آپ کو یہ پتا چلتا ہے کہ ڈرامے میں کس قسم کی اشیاء استعمال کی جارہی ہیں تو اس کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے۔

ایسے ڈراموں کے ٹکٹ تو شاید زیادہ فروخت نہ ہوں مگر مارکس کڈ کو اس بات کی خوشی ہے کہ ان میں ایسے لوگ بھی ڈراموں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں جو شاید عام طور پر نہ آتے۔
XS
SM
MD
LG