رسائی کے لنکس

افغانستان میں پیدا ہونے والی منشیات کا 30 فیصد پاکستان کے راستے اسمگل کیاجاتا ہے


دنیا بھر میں سب سے زیادہ پوست افغانستان میں کاشت کی جاتی ہے
دنیا بھر میں سب سے زیادہ پوست افغانستان میں کاشت کی جاتی ہے

وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات ارباب ظاہر خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ پوست کی فصل سمیت منشیات کی پیدوار کے سب سے بڑے ملک افغانستان سے دنیا کے دیگر ممالک تک ہیروین ، افیون سمیت دیگر منشیات کا 30 فیصد پاکستان کے راستے سمگل کیا جاتا ہے۔ عالمی اداروں کے مطابق منشیات کا 90 فیصد افغانستان میں پیدا ہوتا ہے۔

ارباب ظاہر خان نے بتایا کہ افغانستان سے پاکستان کے راستے سمگل کی جانے والی منشیات کاکچھ حصہ پاکستان میں نشے کے عادی نوجوان استعمال کرتے ہیں ۔ جمعہ کے روز اسلام آباد میں انسداد منشیات کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو 2001ء میں پوست کی کاشت سے بالکل پاک قرار دے دیا گیا تھا لیکن ملک کے قبائلی علاقوں میں ایک مرتبہ پھر پوست کی کاشت کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ منشیات کی سمگلنگ میں ملوث افراد اور دہشت گردوں کے باہمی رابطوں کے اشارے ملے ہیں لیکن اس بارے میں تاحال کوئی ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے ہیں ۔ اُنھوں نے کہا کہ ملک کے قبائلی علاقے جہاں شدت پسندوں کے اڈے قائم ہیں وہاں پوست کی کاشت کی جاتی ہے۔

وزارت انسداد منشیات کے تعاون سے غیر سرکاری تنظیم پلڈاٹ نے ایک کتابچہ شائع کیا ہے جس کے مطابق افغانستان میں 2009ء کے دوران 74فیصد پوست پاکستانی سرحد سے ملحقہ افغانستان کے پانچ صوبو ں میں کاشت کی گئی۔

وفاقی وزیر ارباب ظاہر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انسداد منشیات فورس صر ف دو ہزار اہلکاروں پر مشتمل ہے جسے ناصر ف 2400 کلومیٹر طویل پاک افغان سرحد کی نگرانی کرنی ہوتی ہے بلکہ ملک کی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کے راستے منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام بھی اسی فورس کی ذمہ داری ہے۔

افغانستان میں پیدا ہونے والی منشیات کا 30 فیصد پاکستان کے راستے اسمگل کیاجاتا ہے
افغانستان میں پیدا ہونے والی منشیات کا 30 فیصد پاکستان کے راستے اسمگل کیاجاتا ہے

اُنھوں بتایا کہ اہلکاروں کی محدود تعدا دکے باوجود پاکستان کا شمار اُن ممالک میں ہوتا ہے جہاں منشیات کی سب سے بڑھ کھیپ پکڑی جاتی ہے۔ پاکستان میں منشیات کے شکار افراد کے بارے میں حالیہ برسوں میں کوئی سروے نہیں کرایا گیا ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق 10لاکھ افراد نشے کے عادی ہیں جن میں سب سے زیادہ ہیروین کا نشہ کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ موجود ہ حکومت پاکستان کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم پر قائم ہے اور رواں سال انسداد منشیات کی پالیسی منظور ی کے لیے کابینہ میں پیش کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG