رسائی کے لنکس

پاکستان کے لیے رعایتی پیکج کی منظوری


پاکستان کے لیے رعایتی پیکج کی منظوری
پاکستان کے لیے رعایتی پیکج کی منظوری

پاکستان نے کہا ہے کہ تجارت کی عالمی تنظیم ’ڈبلیو ٹی او‘ کے جنیوا میں ہونے والے اجلاس میں یورپی یونین کی طرف سے اس کی مصنوعات کے لیے رعایتی پیکچ کی متفقہ منظوری دے دی گئی ہے۔

وزارتِ خارجہ سے بدھ کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ’کونسل فار ٹریڈ ان گڈز‘کی جانب سے اس منظوری کے بعد پاکستان کی 75 مصنوعات کو آئندہ دو سال تک یورپی ممالک کی منڈیوں تک ’ٹیرف فری‘ یعنی برآمدی محصولات سے پاک رسائی حاصل ہو سکے گی۔

بیان کے مطابق یہ رعایتی پیکیج رواں سال مارچ میں ’ڈبلیو ٹی او‘ کی جنرل کونسل کے اجلاس سے باضابطہ منظوری کے بعد نافذ العمل ہو گا۔

جولائی 2010ء میں سیلاب سے ہونے والے اقتصادی نقصانات سے نبرد آزما ہونے میں معاونت کے سلسلے میں یورپی یونین نے پاکستان کے لیے اس رعایتی پیکج کا اعلان کیا تھا۔

سرکاری بیان میں کہا گیا کہ اس سے ناصرف پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہو گا بلکہ ملک میں روزگار کے وسائل بھی پیدا ہوں گے۔

اس سے قبل بھارت اور بنگلہ دیش کی جانب سے مخالفت کے باعث عالمی تجارتی تنظیم سے پاکستان کے لیے اس رعایتی پیکج کی منظوری ممکن نہیں ہو سکی تھی، جب کہ پاکستانی حکام نے دونوں ملکوں کے عہدیداروں سے ملاقات کر کے ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش بھی کی تھی۔

XS
SM
MD
LG