رسائی کے لنکس

انتخابات: امیدواروں کے توجہ حاصل کرنے کے نئے طریقے


کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری دِن گدھے کی سواری کرکے، جمشید دستی مہنگی مہنگی اور چم چماتی ہوئی گاڑیوں میں بیٹھ کر کچہری پہنچنے والوں سے زیادہ توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے

انتخابات ہمیشہ سے پاکستان سمیت تمام جنوبی ایشیائی باشندوں اور خاص کر امیدواروں کیلئے ایک ایسا دلکش’موقع‘ رہے ہیں جن میں وہ ہر طرح سے ۔۔اور۔۔ زیادہ سے زیادہ عوام کی توجہ کا مرکز بننا چاہتے ہیں، اور اس کے لئے وہ جانے کیا کیا نت نئے طریقے ڈھونڈ نکالتے ہیں۔

پاکستانی انتخابات لڑنے والوں کو بھی ان دنوں عوام کی زیادہ سے زیادہ توجہ حاصل کرنے کا ’موقع ہاتھ‘ آیا ہوا ہے۔اسی لئے، کوئی گدھے پر بیٹھ کر الیکشن آفس کے چکر لگارہا ہے تو کوئی جن بھوت اتارتے اتارتے الیکشن لڑنے اور جیت جانے کی کوششوں میں ہے۔ اس کے علاوہ انتخابی پس منظر میں اور کیا کچھ نیا ہونے والا ہے، ۔۔آئیے ذیل میں اس پر ایک تفصیلی نظر ڈالتے ہیں:

جمشید دستی نے کی گدھے کی سواری

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری روز جب امیدوار بڑی بڑی گاڑیوں میں اپنے حامیوں کے سا تھ کاغذات نامزدگی جمع کرانے پہنچے تو پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے جمشید احمد خان دستی نے کی گدھے کی سواری اور وہ بھی منفرد انداز میں۔

وہ گدھا گاڑی پرسوار ہوکر ضلع کچہری آئے اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے این اے 177 اور این اے 178 کیلئے کاغذات جمع کروا کر گدھا گاڑی پرہی واپس چلے گئے۔ ان کی اس سواری کو مقامی میڈیا نے خوب کوریج دی اور یوں جمشید دستی مہنگی مہنگی اور چم چماتی ہوئی گاڑیوں میں بیٹھ کر کچہری پہنچنے والوں سے زیادہ توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

گوجرانوالہ اور خانیوال میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق ضلعی صدر نے بھی پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ دئیے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے گدھا گاڑی پر جا کر پی پی 97کے لئے بطور آزاد امیدوار کاغذات جمع کرائے اور ایک بار پھر پارٹی سے ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا۔

محض مخالفت میں۔۔مخالفت برائے مخالفت

انتخابات میں نئے سے نئے سیاسی گروہ اور نئے سے نئے ہم خیال سیاسی گروپس تو آپ نے بنتے بہت دیکھے ہوں گے مگر اس بار کوئی سیاسی پس منظر نہ رکھنے والے بھی محض ایک دوسرے کے مدمقابل آستینیں چڑھاکر کھڑے ہوگئے ہیں۔ مثلاً حمزہ شہباز اور عائشہ احد، عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی اور سابق صدر مشرف، مسرت شاہین اور مولانہ فضل الرحمن، وغیرہ۔

سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف نے لاہور کے حلقہ این اے 119 سے کاغذات نامزدگی داخل کرا دیئے، جبکہ ان کی بیوی ہونے کا دعویٰ کرنے والی عائشہ احد نے بھی اسی حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔ مقامی میڈیا پیش گوئی کررہا ہے کہ اگر دونوں کے کاغذات نامزدگی درست قرار پاتے ہیں تو یہ حلقہ بہت دلچسپ کا مرکز بنا رہے گا۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کراچی کے حلقہ این اے 250سے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ وہ مشرف کو ظلم کی علامت تصور کرتی ہیں اور اسی لئے ان کے خلاف الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا یہ بھی دعوی تھا کہ وہ الیکشن میں مشرف کو شکست دیں گی۔

بیچاری میرا۔۔ خواب ادھورا رہ گیا

پاکستانی اسٹار میرا کی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کی خواہش پوری نہ ہو سکی۔ روزنامہ ’جنگ‘ کی ایک خبر کے مطابق این اے 126 سے عمران خان کی بجائے شفقت محمود انتخاب لڑیں گے۔ میرا نے پاکستان جسٹس پارٹی کی طرف سے پہلے مخصوص نشست کے لئے کاغذات نامزدگی حاصل کئے تھے لیکن پھر اچانک انہوں نے این اے 126 سے عمران خان کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ لیکن، تحریک انصاف کی قیادت نے مشاورت کے بعد اس حلقے سے شفقت محمود کو امیدوار نامزد کردیا ہے، جنہوں نے کاغذات نامزدگی داخل کرا دیئے ہیں۔


قوم ہمیں بھی موقع دے۔ خواجہ سرا بندیا رانا

جوڈیشل کورٹ کمپلیکس کراچی میں اتوار کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرواتے ہوئے خواجہ سرا عبدالعزیز عرف بندیا رانا نے بڑے جوش و خروش اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ہمراہ آنے والے ساتھیوں سے بغل گیر ہوکر مبارکباد وصول کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑی خوشی کا موقع ہے کہ میں نے آج اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے کچھ دن قبل تک تو یہ بالکل ناممکن لگ رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا انہیں بچوں سے بوڑھوں تک سب کی سپورٹ حاصل ہے۔۔ قوم نے سب کو آزما لیا ہے۔ ’اب ایک موقع ہمیں بھی دے کر دیکھیں ۔۔ہم تمام مسائل سے قوم کو چھٹکارا دلادیں گے‘۔


جن، بھوت اتارنے والا بھی امیدوار

کراچی میں سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 90سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والا ایک امیدوار ایسا بھی ہے جو جن بھوت اور بد روحوں کو بھگانے کا کام کرتا ہے ۔ ان کا نام ہے مسلم بھٹو اور انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ(اے پی ایم ایل)کے مرکزی نائب صدرکی ذاتی حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
XS
SM
MD
LG