رسائی کے لنکس

انتخابات: ذیلی عدالتوں کے ججوں کی تعیناتی پر اتفاق


چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔
چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔

چیف جسٹس افتخار چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور سماجی و سیاسی تنظیموں کا انتخابی عمل کو قابل اعتماد بنانے کے لیےعدلیہ پر اعتماد خوش آئند ہے۔

پاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے انتخابات کا شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد ضروری ہے۔

ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے انتظامی فیصلوں سے متعلق کمیٹی کے ہفتہ کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن اگر کسی ادارے سے مدد کی درخواست کرتا ہے تو اس پر غور کرنا چاہیے۔

انتخابات کے نگران ادارے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے درخواست کر رکھی ہے کہ آئندہ عام انتخابات کی نگرانی کے لیے ذیلی عدالتوں کے ججوں کی تعیناتی کی اجازت دی جائے۔

کمیشن کی اس درخواست پر قومی جوڈیشل کمیٹی نے ہفتہ کو تفصیلی غور کے بعد ذیلی عدالتوں کے ججوں کی پولنگ اسٹیشن پر تعیناتی کی اجازت دے دی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور سماجی و سیاسی تنظیموں کا انتخابی عمل کو قابل اعتماد بنانے کے لیےعدلیہ پر اعتماد خوش آئند ہے۔

’’یہ آئین کی سب سے اہم ضرورت ہے کہ انتخابات کا انعقاد دیانت دارانہ، غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور قانون کے تقاضوں کے مطابق کیا جائے۔ اس لیے الیکشن کمیشن کو اداروں کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔‘‘

تاہم الیکشن کمیشن یہ واضح کر چکا ہے کہ ججوں یا بعض علاقوں میں ضرورت پڑنے پر فوج کی تعیناتی کا ہر گز یہ مطلب نہیں ہے کہ انتخابات عدلیہ یا فوج کی نگرانی میں کروائے جا رہے ہیں بلکہ آئین کے تحت یہ حق صرف الیکشن کمیشن کو ہی حاصل ہے۔

کمیشن کے حکام کہتے ہیں کہ انتخابی فہرستوں میں اب بھی لاکھوں غیر مصدقہ ووٹ موجود ہیں مگر ان کے بقول الیکشن کمیشن کے موثر اقدامات کی وجہ سے انتخابات میں دھاندلی نا ممکن ہوگی۔

پاکستان میں پہلی مرتبہ ایک جمہوری حکومت اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل کرنے جا رہی ہے اور ملک میں شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے حزب مخالف اور حکمران جماعت نے متفقہ طور پر ریٹائرڈ جج فخر الدین ابراہیم کو چیف الیکشن کمشنر منتخب کیا ہے جب کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے اہل ووٹروں کی کمپوٹرائزڈ انتخابی فہرستیں بھی تیار کی گئی ہیں۔
XS
SM
MD
LG