رسائی کے لنکس

پاکستان مسلم لیگ ق کا انتخابی منشور جاری


چوہدری شجاعت حسین (فائل فوٹو)
چوہدری شجاعت حسین (فائل فوٹو)

’’ہماری پارٹی اقتدار میں آئی تو دہشت گردی اور شدت پسندی پر قابو پانے کے لئے جامع پالیسی بنائی جائے گی جبکہ اقلیتوں کے تحفظ کے لئے قومی اسمبلی میں بل لانا بھی ہمارے منشور کا حصہ ہے۔‘‘

پاکستان مسلم لیگ(ق) نے اپنے سات نکاتی انتخابی منشور کا اعلان کردیا ہے جس میں سب کے لیے تعلیم ، دہشت گردی کے خاتمے ، انتہاپسندی کامقابلہ کرنے اور ملک سے بدعنوانی کوجڑ سے ختم کرنے پر زوردیاگیا ہے ۔

اتوار کو لاہور میں مسلم لیگ ق کے سر براہ چوہدری شجاعت حسین اور مشاہد حسین سید کے ہمراہ مرکزی رہنما ایس ایم ظفر نےمنشور کے خاص خاص نکات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلم لیگ(ق) اقتدار میں آئی تو سب کو تعلیم فراہم کی جائے گی اور نجی سرکاری شراکت داری کے ذریعے معیار تعلیم کو بہتر بنایاجائے گا ۔

’’مسلم لیگ(ق) ملک میں توانائی کے بحرانوں پر قابو پانے کیلئے توانائی کے وسائل کے انتظامی امور میں بہتری لائے گی اورنوجوانوں کو تعلیم یافتہ بنایاجائے گا تاکہ وہ دور حاضر کے تقاضے پورے کرسکیں ۔‘‘

انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنایا جائے گا تاکہ وہ معاشرے میں اپنا جائز مقام حاصل کرسکیں۔ ملکی معیشت کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائینگے تاکہ امیراور غریب کے درمیان فرق کوکم کیاجاسکے ۔

ایس ایم ظفر نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کو دیکھتے ہوئے مسلم لیگ ق کا انتخابی منشور بنایا گیا ہے۔ ’’دہشتگردی ملک کا بہت بڑا مسئلہ ہے جس کو ہم نے اپنے منشور میں شامل کیا ہے ہماری پارٹی اقتدار میں آئی تو دہشت گردی اور شدت پسندی پر قابو پانے کے لئے جامع پالیسی بنائی جائے گی جبکہ اقلیتوں کے تحفظ کے لئے قومی اسمبلی میں بل لانا بھی ہمارے منشور کا حصہ ہے۔‘‘

پارٹی کےسیکرٹری جنرل مشاہد حسین نے کہا کہ منشور میں پارلیمنٹ، عدلیہ اور الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے اور حکومتی اداوں کی گورننس بہتر کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی ایسی بنائی جائے گی جس سے خطے میں امن ہو۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا اور فنون لطیفہ کے لوگون کے لئے گروپ انشورنس متعارف کرانے کی بھی تجویز ہے۔
XS
SM
MD
LG