رسائی کے لنکس

پاکستانی سفارتخانے سے ’مشین ریڈایبل پاسپورٹ‘ کا اجرا


بدھ کو واشنگٹن کے پاکستانی سفارتخانے میں ’مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ‘ کا باضابطہ افتتاح ہوا، جبکہ ہوسٹن اور شکاگو میں قائم پاکستانی قونصل خانوں میں بھی بیک وقت مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجرا شروع کر دیا گیا ہے

امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے اور قونصل خانوں نے ’مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ‘ کا اجرا شروع کر دیا ہے۔

بدھ کو واشنگٹن ڈی سی کے پاکستانی سفارتخانے میں ’مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ‘ کا باضابطہ افتتاح کیا گیا، جو سہولت پہلے صرف اقوام متحدہ، نیو یارک، میں پاکستانی سفارت خانے میں موجود تھی۔

اب، ڈی سی کے علاوہ، یہ سہولیت ہوسٹن اور شکاگو میں قائم پاکستانی قونصل خانوں میں بھی بیک وقت شروع ہو گئی ہے۔

پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹس میں ’مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس‘ کے لئے درکار مشینیں اور کمپیوٹر گذشتہ چار برس سے پڑے تھے۔ تاہم، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے درمیان پاسپورٹ کے اجرا کے لئے عملے کی تعیناتی پر تنازعہ جاری تھا، جو اب حل ہو گیا ہے۔

پاکستانی سفارتخانہ، واشنگٹن کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، پاکستانی کمیونٹی کو دنیا بھر میں جدید سہولتوں کی فراہمی کے احکامات وزیر اعظم محمد نواز شریف نے دئے تھے، جس کے تحت ’مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ‘ کا اجرا شروع کردیا گیا ہے۔

اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سال 26 نومبر کے بعد دنیا بھر کے ممالک نے ’انٹرنیشنل سول ایوئیشن آرگنائزیشن‘ کے معیار اور سفارش کے مطابق ویزوں کے اجراء کے لئے ’مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ‘ کی شرط عائد کر دی ہے۔ وہ ماسوائے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے، کسی روایتی پاسپورٹ پر ویزہ جاری نہیں کریں گے۔

’مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ‘ کے اجرا پر واشنگٹن ڈی سی، ہوسٹن اور شکاگو میں مقیم پاکستانیوں کے علاوہ، پوری امریکہ میں رہنے والی پاکستانی برادری نے زبردست خیرمقدم کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG