رسائی کے لنکس

بجلی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری اہم ہے: نواز شریف


وزیراعظم نواز شریف (فائل فوٹو)
وزیراعظم نواز شریف (فائل فوٹو)

وزیراعظم نواز شریف نے اس منگلا کے قریب 84 میگاواٹ کے پن بجلی گھر کے منصوبے کو سراہتے ہوئے ملک میں کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے اپنے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے نجی شعبے کی سرمایہ کاری اہم کردار ادا کرسکتی ہے اور حکومت اس ضمن میں ہر طرح کے تعاون کو یقینی بنائے گی۔

بدھ کو ملک میں بجلی پیدا کرنے والی ایک بڑی نجی کمپنی حبکو کے سربراہ حسین داؤد سے ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے ترجیحی سلوک کیا جائے گا۔

رواں ہفتے وزیراعظم نے منگلا ڈیم کے قریب پاکستان میں نجی شعبے میں لگنے والے پہلے باضابطہ پن بجلی گھر کا افتتاح کیا تھا۔

84 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والا منصوبہ 40 ماہ کی ریکارڈ مدت میں تعمیر ہوا۔ بونگ سکیپ نامی یہ پن بجلی گھر حبکو کی ملکیت ہے۔

حبکو کے سربراہ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے اس منصوبے کو سراہتے ہوئے ملک میں کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے اپنے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔

پاکستان کو حالیہ برسوں میں توانائی کے بحران کا سامنا رہا ہے جو اب سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔

نومنتخب حکومت اس بحران پر قابو پانے کو اپنی ترجیحات گردانتی ہے اور اس ضمن میں ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوششیں بھی کر رہی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کی حکومتی کوششوں سے صورتحال پہلے کی نسبت بہت بہتر ہوئی ہے۔

’’ گزشتہ تین دنوں میں 15000 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ گزشتہ برسوں میں کبھی اتنی بجلی پیدا نہیں کی گئی۔۔۔ ہم نے کئی اقدامات کیے ہیں۔‘‘

ایک روز قبل اسلام آباد میں امریکہ کی اوورسیز پرائیویٹ انوسٹمنٹ کارپوریشن کی صدر الزبتھ ایل لٹل فیلڈ نے پاکستانی وزیرخزانہ اسحق ڈار سے ملاقات کی تھی اور اس میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان توانائی کےشعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
XS
SM
MD
LG