رسائی کے لنکس

نئے لڑاکا طیارے انسداد دہشت گردی میں اہم ہتھیار


امریکہ سے پاکستان کو ملنے والے جدید ترین ایف سولہ لڑاکا طیارے
امریکہ سے پاکستان کو ملنے والے جدید ترین ایف سولہ لڑاکا طیارے

امریکہ سے ملنے والے مزیدچھ ایف سولہ طیارے پاکستانی فضائیہ کے دستے میں شامل ہوگئے ہیں اوررواں سال مئی سے اب تک پاکستان کو ملنے والے ایسے جدید ترین ایف سولہ لڑاکا طیاروں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔

پاکستان ائیرفورس کے ایک بیان کے مطابق امریکہ سے ملنے والے یہ لڑاکاطیارے ملک کی دفاعی ضروریات کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔ بیان کے مطابق بلاک 52 کے یہ ایف سولہ طیارے رات کی تاریکی میں بھی اپنے ہد ف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دفاعی تجزیہ کار ائیر مارشل ریٹائرڈ مسعود اختر نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا ہے کہ امریکہ سے ملنے والے نئے ایف سولہ لڑاکا طیاروں سے نہ صرف کسی بھی بیرونی جارحیت سے نمٹنے کے لیے پاکستان ائیر فورس کی استداد کار میں اضافہ ہو ا ہے بلکہ ان کی مدد سے دہشت گردوں کے خلاف ملک کے قبائلی علاقوں میں کی جانے والی فضائی کارروائیاں مزید موثر انداز میں کی جاسکیں گی۔

پاکستان اور امریکہ کے درمیان 2005-06ئمیں ایک معاہد ہ طے پایا تھا جس کے تحت امریکہ کو 18 جدید طیارے پاکستان کو فروخت کرنے تھے۔ معاہدے کے تحت پاکستان کومختلف مرحلوں میں یہ طیارے فراہم کیے جارہے ہیں اور اس سے قبل رواں سال مئی میں چار اوراکتوبر میں دو ایف سولہ لڑاکا طیارے پاکستان کے حوالے کیے گئے تھے۔

پاکستان ائیرفورس کے حکام کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق اس سال دسمبر تک باقی تمام طیارے بھی پاکستان کے حوالے کر دیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG