رسائی کے لنکس

مرنے والوں میں تین مرد، دو خواتین اور تین بچے شامل ہیں جنہیں پولیس حکام کے بقول کسی کند آلے سے قتل کیا گیا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں منگل کی سہ پہر نامعلوم افراد نے ایک گھر میں گھس کر عورتوں اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد کو قتل کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں واقع گھر سے آٹھ افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں بظاہر رات دیر گئے قتل کیا گیا۔

پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار شفیق گجر نے جائے وقوع پر صحافیوں کو بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ ذاتی دشمنی کا واقعہ معلوم ہوتا ہے تاہم ان کے بقول جائے وقوع سے جمع کیے جانے والے شواہد کا جائزہ لے کر ہی کسی حتمی نتیجے پر پہنچا جا سکے گا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق اس گھر میں تین بھائی رہتے تھے جن میں ایک شعبہ تعلیم سے وابستہ تھا جب کہ دوسرا ٹھیکیدار تھا۔ ایک بھائی کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھا۔

قتل کیے جانے والوں میں ان تینوں بھائیوں کے علاوہ دو خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں اور انھیں کسی کند آلے سے قتل کیا گیا۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے جب کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بھی واقع کا نوٹس لے لیا ہے۔

تبصرے دکھائیں

XS
SM
MD
LG