رسائی کے لنکس

جے یو آئی (ف) وفاقی حکومت میں شامل، تین وزرا نے حلف اٹھالیا


صدر ممنون حسین نے اکرم خان درانی اور عباس خان آفریدی سے وفاقی وزرا جب کہ مولانا عبدالغفور حیدری سے وزیر مملکت کا حلف لیا۔

پاکستان کی ایک مذہبی و سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) باقاعدہ طور پر حکومت میں شامل ہو گئی ہے اور جمعرات کو اس کے تین قانون سازوں نے کابینہ کے ارکان کا حلف اٹھایا۔

جمعرات کو اسلام آباد میں صدر ممنون حسین نے اکرم خان درانی اور عباس خان آفریدی سے وفاقی وزرا جب کہ مولانا عبدالغفور حیدری سے وزیر مملکت کا حلف لیا۔

کابینہ میں پہلے سے شامل وزیر مملکت مسلم لیگ ن کے خرم دستگیر کو بھی وفاقی وزیر مقرر کیا گیا ہے اور انھوں نے بھی اسی تقریب میں حلف اٹھایا۔

ان وزراء کے محکموں کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن گزشتہ سال جون میں اقتدار میں آنے کے بعد سے جمعیت علمائے اسلام ف کو حکومت میں شامل کرنے پر آمادہ نظر آرہی تھی لیکن مولانا فضل الرحمن کی طرف سے اس پر کبھی کھل کر اظہار خیال نہیں کیا گیا۔

توقع کی جارہی ہے کہ یہ جماعت جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں بھی حکومتی اتحاد میں شامل ہو جائے گی۔
XS
SM
MD
LG