رسائی کے لنکس

سیلاب زدگان کے لیے ایک کروڑ ڈالراضافی امداد کا اعلان


نائب سیکرٹری جنرل ویلرری ایموس
نائب سیکرٹری جنرل ویلرری ایموس

اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی ہنگامی امداد اور بحالی کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی اضافی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی تنظیم کی انسانی امور سے متعلق نائب سیکرٹری جنرل ویلرری ایموس نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں منعقد ہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ اضافی امداد اقوام متحدہ کے ”سنٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ“ سے جاری کی جائے گئی۔

پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ نے گذشتہ ماہ 46 کروڑ ڈالر کی عالمی اپیل کی تھی اور اب تک اس کاتقریباً 67 فیصدموصول ہوچکا ہے۔امداد فراہم کرنے والے ملکوں میں امریکہ سرفہرست ہے۔

اقوام متحدہ کی عہدے دار نے بتایا کہ آئندہ ہفتے وہ اپیل کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گی۔

ان کے مطابق پاکستان میں حالیہ سیلاب دنیا میں پیش آئے چند بڑے انسانی سانحوں میں سے ایک ہے اور عالمی برادری کو متاثرین کی مشکلات دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی ہو گی۔

سیلاب زدہ علاقوں میں صاف پانی کی عدم دستیابی اور صفائی کی ناقص صورتحال کی وجہ سے اسہال، جلدی امراض اور دیگر وبائی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ویلرری ایموس نے ناکافی امدادی سرگرمیوں کی صورت میں انسانی زندگیوں پر مرتب ہونے والے ”خوفناک“ اثرات کے بارے میں متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ”دنیا کو یہ بات سمجھنی ہو گی کہ یہ معمول کی صورتحال نہیں ہے“۔

پاکستان میں شدت پسندوں کی طرف سے حالیہ دنوں میں کیے گئے مہلک حملوں کے امدادی سرگرمیوں پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کر حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ امدادی اداروں کو اپنے کارکنوں کے تحفظ اور اپنی ذمہ داریوں میں توازن رکھتے ہوئے اپنا کام جاری رکھنا ہوگا۔

امدادی اشیاء کی مارکیٹوں میں فروخت کی اطلاعات کے بارے میں ویلرری ایموس نے کہا کہ ایسے واقعات کی تفتیش کیا جائے گی۔

XS
SM
MD
LG