رسائی کے لنکس

پاکستان: سیلاب سے ہونے والی ہلاکتیں 450 سے متجاوز


فائل
فائل

حکام کے مطابق سیلاب سے گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران لگ بھگ50 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

پاکستان میں مون سون کی حالیہ بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد455 ہوگئی ہے۔

قدرتی آفات سے نبٹنے کے وفاقی ادارے 'نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)' کے حکام کے مطابق سیلاب سے گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران لگ بھگ50 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق سیلاب سے جنوبی پنجاب کے اضلاع رحیم یار خان، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان، بلوچستان میں نصیر آباد، جعفر آباد اور جھل مگسی جب کہ سندھ میں شکار پور، جیکب آباد اور کشمور سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

'این ڈی ایم اے' کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں کی صورتِ حال سے متعلق جاری کی جانے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ سیلاب سے 11 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصل بھی تباہ ہوگئی ہے۔

سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان صوبہ سندھ میں ہوا ہے جہاں 12 ہزار دیہات کے 31 لاکھ سے زائد افراد کو سیلاب کے باعث سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ صوبے میں سیلاب سے 258 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

'این ڈی ایم اے' کے مطابق سندھ میں سیلاب سے متاثرہ ڈھائی لاکھ سے زائد افراد سرکاری ریلیف کیمپوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب سے لگ بھگ 10 لاکھ جب کہ پنجاب میں بھی ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے زیرِ اثر مون سون کی غیر معمولی بارشوں کے باعث پاکستان گزشتہ تین برسوں سے بدترین سیلابوں کا نشانہ بن رہا ہے۔

سنہ 2010 میں آنے والے ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب کے باعث پاکستان کا لگ بھگ 20 فی صد رقبہ زیرِ آب آگیا تھا۔ اس سیلاب نے 1800 سے زائد افراد کی جانیں لی تھیں جب کہ اس کے نتیجے میں دو کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئےتھے۔
XS
SM
MD
LG