رسائی کے لنکس

امدادی کارروائیوں میں معاونت کے لیے مشترکہ فضائی رابطہ سیل کا قیام


آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے امدادی کارروائیوں میں تسلسل کے لیے مشترکہ فضائی رابطہ سیل(جے اے سی سی)تشکیل دیا ہے۔

پاکستان آرمی ایوی ایشن کمانڈ کے کمانڈر میجر جنرل راجہ محمد عارف نذیر کی سربراہی میں تشکیل پانے والے اس سیل کے پہلے اجلاس میں این ڈی ایم اے، پاک فوج و فضائیہ،اقوام متحدہ کے شعبہ نقل وحمل،عالمی ادارہ خوراک اور امریکہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

امریکی سفارتخانے سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں طوفانی بارشوں اور قصبوں اور دیہات میں پانی داخل ہونے سے بہت سے لوگ خوراک، پانی ،سرچھپانے کے ٹھکانوں اور دیگر بنیادی ضروریات سے محروم ہوگئے تھے۔ امدادی سامان کو انتہائی ضرورت والے علاقوں میں بھجوانے کے لیے چک لالہ ائربیس پر پاک فضائیہ کا سینٹرل فلڈ ریلیف سیل موجود تھا، لیکن ابھی تک امدادی کارروائیوں میں شریک پاکستانی اور بین الاقوامی تنظیموں کے مابین ابلاغ کا فقدان تھا۔

پاکستان کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے میں مصروف چک لالہ میں تعینات امریکی افواج کے ڈائریکٹر اور امریکی فضائیہ کے کرنل گریگ نیلسن نے کہا کہ پاکستان کی سربراہی میں کام کرنے والا جے اے سی سی ہر ایک کی امدادی کوششوں کو تقویت دیتا ہے اور روز افزوں بڑھتی ہوئی اس عظیم کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے خوراک اور فراہم کی جانے والی دیگر اشیا کے دستیاب ذخیرے،پاکستان بھر میں سیلاب زدہ علاقوں کے عوام کی ضروریات اور پورے ملک میں ان اشیا کو پہنچانے پر گفتگو کی۔ یہ اجلاس امدادی کارروائیوں میں شریک ممالک اور اداروں کے مابین ابلاغ میں سہولت پیدا کرنے اور بہت سے عطیات،فضائی اثاثوں اور معاونین سے بہتر طریقے سے کام لینے کا موقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوا۔

XS
SM
MD
LG