رسائی کے لنکس

سیلاب کے باعث وزیر اعظم گیلانی نے دورہِ امریکہ منسوخ کر دیا


سیلاب کے باعث وزیر اعظم گیلانی نے دورہِ امریکہ منسوخ کر دیا
سیلاب کے باعث وزیر اعظم گیلانی نے دورہِ امریکہ منسوخ کر دیا

پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ملک کے جنوبی صوبہ سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث اپنا دورہِ امریکہ منسوخ کر دیا ہے جہاں اُنھوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 66 ویں اجلاس میں شرکت کرنا تھی۔

سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم ہفتہ سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے جاری امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔

گزشتہ برس پاکستانی کی تازیخ کے بدترین سیلاب کے بعد لاکھوں متاثرین کی امداد اور بحالی کے اقدامات میں سست روی اور اس موقع پر اعلیٰ سیاسی قیادت کے غیر ملکی دوروں پر کڑی تنقید کی گئی تھی۔

رواں سال اگست میں سندھ میں غیر معمولی مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث صوبے کے 23 میں سے 21 اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں جہاں 40 لاکھ ایکٹر سے زائد رقبہ زیر آب آ چکا ہے۔

آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے ’این ڈی ایم اے‘ کا کہنا ہے کہ سیلاب سے اب تک کم از کم 250 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 58 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

مقامی حکام اور بین الاقوامی امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹ پڑنے کے خدشے کا بھی اظہار کر رہے ہیں۔

دفتر خارجہ سے جمعہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم گیلانی کی جگہ اب وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی کریں گی۔

عہدیداروں کا کہنا ہے امریکہ میں موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حناربانی کھر پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے عالمی رہنماؤں کو آگاہ کریں گی جب کہ 18 ستمبر کو وہ امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن سے ملاقات کریں گی۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان یہ ملاقات ایسے وقت ہو رہی ہے جب دو مئی کو ایبٹ آباد میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے خلاف امریکہ فورسز کے خفیہ آپریشن کے بعد تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔

دریں اثناء سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیراعظم گیلانی نے جمعہ کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف موثر انداز میں جنگ جاری رکھے ہوئے ہے اور اس پر مزید اقدامات کرنے کے لیے دباؤ نہیں ڈالنا چاہیئے۔

اُنھوں نے یہ بیان بظاہر امریکہ کی طرف سے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف بھر پور فوجی آپریشن شروع کرنے کے حوالے سے دباؤ کے ردعمل میں دیا۔

مسٹر گیلانی نے واضح کیا کہ ’’پاکستان گزشتہ ایک دہائی کے دوران بہت قربانیاں دے چکا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ اُنھیں (امریکہ کو) مزید اقدامات کرنے چاہیئے۔‘‘

XS
SM
MD
LG