رسائی کے لنکس

شدید دھند سے ٹریفک حادثات میں اضافہ


شدید دھند سے ٹریفک حادثات میں اضافہ
شدید دھند سے ٹریفک حادثات میں اضافہ

پنجاب میں حکام نے بتایا کہ صوبے کے مختلف حصوں میں دھند کے باعث ہونے والے ٹریفک حادثات میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں اور ان حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صبح کے اوقات میں ٹرک، گاڑی اور موٹر سائیکل چلانے سے انتہائی احتیاط سے کام لیں۔

لاہور میں قائم محکمہ موسمیات کے مرکزی دفتر کے ایک عہدیدار محمد اکرم انجم نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ دھند ہفتے کی صبح پنجاب کے وسطی، مشرقی علاقوں اور بہاولپور تک پھیلی رہی اور اس کے علاوہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے کچھ حصے بھی اس دھند کی زد میں آئے۔

انھوں نے کہا کہ رواں ماہ بارش کا کوئی امکان نہیں اور جب تک بارش نہیں ہوتی دھند کا یہ سلسلہ برقرار رہے گا۔

دریں اثناء دھند کے باعث پروازوں کے نظام الاوقات میں بھی تاخیر دیکھنے میں آئی۔ لاہور کے ہوائی اڈے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہفتے کی صبح مانچسٹر اور فرینکفرٹ سے آنی والی پروازیں صبح کی بجائے بعد از دوپہر ہوائی اڈے پر اتر سکیں۔

دسمبر کے مہینے میں پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں دھند ایک معمول ہے اور جب یہ شدید ہوجاتی ہے تو اس سے فصلوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔

XS
SM
MD
LG