رسائی کے لنکس

سابق چیف جسٹس کا عمران خان کے خلاف 20 ارب روپے کا ہرجانہ دائر


سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری (فائل فوٹو)
سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری (فائل فوٹو)

عمران خان نے ایک بار پھر افتخار چودھری پر عائد کیے گئے اپنے الزامات کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خلاف دائر مقدمے کا سامنا کریں گے۔

پاکستان کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے حزب مخالف کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف 20 ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے جس پر عدالت نے سابق کرکٹر کو 29 جنوری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

عمران خان ایک عرصے سے 2013ء کے عام انتخابات میں افتخار محمد چودھری پر منظم دھاندلی کا الزام عائد کرتے آرہے ہیں۔

سابق چیف جسٹس نے وکلا نے اسلام آباد کی ایک ذیلی عدالت میں منگل کو دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی طرف سے ان کے موکل پر عائد کیے گئے الزامات سے ان کی ساکھ مجروح ہوئی لہذا عمران خان سے 20 ارب روپے بطور ہرجانہ وصول کیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ سال 24 جولائی کو افتخار چودھری کی طرف سے بھیجے گئے نوٹس کے جواب میں کہا عمران خان کے وکیل نے کہا تھا کہ ان کے موکل کا مقصد "عدلیہ اور اس کے کسی رکن کی تضحیک کرنا نہیں" تھا، لیکن اس کے بعد بھی وہ مختلف مواقع پر سابق چیف جسٹس پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے رہے۔

عدالت کے جج نذیر احمد گجانہ عمران خان سے جواب طلب کرتے ہوئے انھیں 20 جنوری کو پیش ہونے کا حکم دیا۔

ادھر منگل کی صبح اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے ایک بار پھر افتخار چودھری پر عائد کیے گئے اپنے الزامات کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خلاف دائر مقدمے کا سامنا کریں گے۔

عمران خان حکمران مسلم لیگ ن پر بھی 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کرنے کا الزام عائد کرتے آرہے ہیں جس کے خلاف انھوں نے تقریباً چار ماہ تک اسلام آباد میں دھرنا بھی دیا۔

حکومت بھی ان الزامات کو مسترد کرتی ہے اور اس معاملے کی تحقیقات کے لیے تحریک انصاف کے ساتھ مل کر ایک جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے مذاکرات میں مصروف ہے۔

XS
SM
MD
LG