رسائی کے لنکس

باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کمیشن بنانے پر اتفاق


پاکستانی صدر اور فرانسیسی وزیرخارجہ
پاکستانی صدر اور فرانسیسی وزیرخارجہ

دونوں ممالک کے چار چار نمائندے کمیشن کا حصہ ہوں گے جو غذا او ر زراعت، معاشی ترقی، سکیورٹی اور نرسوں کی تربیت کے منصوبے شروع کرنے پر غور کریں گے۔

پاکستان اور فرانس نے باہمی اشتراک سے مختلف شعبوں میں منصوبوں کا آغاز کرنے کے لیے ایک مشترکہ کمیشن تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیشن بنانے کا فیصلہ منگل کو فرانسیسی وزیرخارجہ برنارڈ کاکنر اور پاکستانی صدر آصف علی زرداری کے درمیان پیرس میں ایک ملاقات میں کیا گیا۔

بیان کے مطابق دونوں ممالک کے چار چار نمائندے کمیشن کا حصہ ہوں گے جو غذا او ر زراعت، معاشی ترقی، سکیورٹی اور نرسوں کی تربیت کے منصوبے شروع کرنے پر غور کریں گے۔

کمیشن کا اجلاس باری باری دارالحکومت اسلام آباد اور پیرس میں منعقد کیا جائے گا جب کہ اس کاپہلا اجلاس اکتوبر کے قریب اسلام آباد میں ہوگا۔

اس موقع پر صدر زرداری نے فرانسیسی وزیر کو بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری نقصان اٹھانے اور انسانی حقوق کے حوالے سے بین الاقوامی قراردادوں کا فریق ہونے کے ناطے پاکستان کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ یورپی منڈیوں تک رسائی کا حقدار ہے اور اس سلسلے میں فرانس کو بڑھ چڑھ کر پاکستان کی حمایت کرنی چاہیے۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قبائلی علاقے، جن کے کچھ حصوں میں شدت پسندوں کی پناہ گاہیں ہیں، بنیادی ڈھانچے سے محروم ہیں اور وہاں بڑے پیمانے پر معاشی ترقی کی ضروت ہے تاکہ وہاں کی نوجوان نسل شدت پسندی سے دور رہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں بہترین اقدام کارخانوں کا قیام ہے جہاں تیار ہونے والی اشیاء یورپی ممالک کو برآمد کی جا سکیں۔

صدر پاکستان نے مطالبہ کیا کہ فرانسیسی حکومت کاروبارکی غرض سے پاکستان آنے کا ارادہ رکھنے والے افراد کے لیے منفی ہدایات میں بھی تبدیلی لائے۔

صدر زرداری نے فرانس پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے لیے اعلان کردہ اعانت کی ادائیگی کے عمل کو تیز کرے کیوں کہ ان کے بقول پاکستان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں ہوئی حالیہ تباہ کاریوں کے بعد اس رقم کی ضروت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

ملاقات کے دوران بجلی کی پیداوار کے لیے جوہری توانائی کے منصوبوں میں تعاون، سائنسی تحقیق اور ثقافت کے فروغ کے لیے وفود کا تبادلہ اور کاروبار کے فروغ کے لیے پاکستان میں فرانسیسی بنکوں کی شاخوں کے قائم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG