رسائی کے لنکس

پاکستان اور فرانس کا دہشت گردی کے خلاف تعاون کی ضرورت پر اتفاق


دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے کے علاوہ اعلیٰ تعلیم، ثقافتی تبادلوں، سائنس اور ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے تفصیلی بات چیت کی۔

پاکستان اور فرانس نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خطرے کے خلاف مل کر کام کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے جس سے دونوں ملک ہی متاثر ہوئے ہیں۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق منگل کو پیرس میں پاکستان اور فرانس کے درمیان خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات ہوئے جہاں پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے فرانس اور پاکستان میں آپریشن ضرب عضب سمیت دہشت گردی کے خلاف کوششوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے تمام ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خلاف قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا جو ایک عالمی مسئلہ ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں پیرس میں ہونے والے مہلک حملوں میں 130 افراد ہلاک اور تین سو سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔

مذاکرات میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں فرانس نے پاکستان کی طرف سے افغانستان میں امن کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہا۔

دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے کے علاوہ اعلیٰ تعلیم، ثقافتی تبادلوں، سائنس اور ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے تفصیلی بات چیت کی۔

دوطرفہ سیاسی مذاکرات کے 12 بارہویں دور میں پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے تھے جبکہ فرانس کے وفد کی قیادت امور خارجہ کے سیکرٹری جنرل کرسچن ماسے نے کی۔

پاکستان فرانس سے طویل عرصہ سے دفاعی سازوسامان خریدتا رہا ہے جس میں لڑاکا طیارے اور آبدوزیں شامل ہیں۔ حال ہی میں امریکہ کی طرف سے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی خریداری کے لیے دی جانے والی امداد روکے جانے کے بعد پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ وہ طیارے خریدنے کے لیے متبادل ذرائع ڈھونڈیں گے۔

دوطرفہ مذاکرات کا اگلا دور آئندہ سال اسلام آباد میں ہو گا۔

XS
SM
MD
LG