رسائی کے لنکس

گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں دھماکا، ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی


اطلاعات کے مطابق دوران کام جب ’آئل ٹینکر‘ میں دھماکا ہوا اور اُس وقت بحری جہاز پر لگ بھگ 70 افراد کام کر رہے تھے۔

بلوچستان کے ساحلی شہر گڈانی میں خام تیل سپلائی کرنے والے ایک بحری جہاز میں نصب سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے دھماکون میں ہلاکتو کی تعداد 18 ہلاک ہو گئے اور لگ بھگ پچاس زخمی ہو گئے۔

بدھ کی صبح ملنے والی اطلاعات کے مطابق تاحال آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

عہدیداروں کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والوں کو حب اور کراچی کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ آگ سے جھلس جانے والے زیادہ تر زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے اور انتظامیہ نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

بلوچستان کے جنوبی ضلع لسبیلہ کا ساحلی شہر گڈانی جنوبی ایشاء میں سمندری جہازوں کو توڑنے کے لیے مشہور ہے اور دنیا کے مختلف ممالک سے یہاں سمندری جہاز توڑنے یعنی ’شپ بریکنگ‘ کے لیے یہاں لائے جاتے ہیں۔

اس علاقے میں ’شپ بریکنگ‘ سے ایک اندازے کے مطابق لگ بھگ دس ہزار سے زائد مزدور کام کرتے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق خام تیل سپلائی کرنے والے ایک ناکارہ جہاز کو توڑنے کے لیے مزدوروں نے منگل کو کام کا ابھی آغاز ہی کیا تھا کہ اچانک جہاز کے آئل ٹینکر میں زور دار دھماکا ہوا، جس کے بعد آگ لگ گئی۔

گڈانی کے مقامی افسر بشیر احمد مُندرانی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ مقامی اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آگ کے بلند شعلوں کے باعث امدادی کام اور جہاز میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے میں کافی دشواری پیش آ رہی ہے۔

انتظامیہ کے بقول تیل لے جانے والے اس جہاز میں گیس کے مختلف سلنڈر نصب ہوتے ہیں اور جن میں لاپرواہی کے باعث ایسا حادثہ پیش آتا ہے۔

’’اب یہ پتہ نہیں چلتا بعض اوقات وہ ورکر سگریٹ کے لیے کچھ جلاتے ہیں تو اُس کی وجہ سے بھی ہوتا ہے یا پھر اسپارک ہوتا ہے کٹائی کے وقت، اس کی وجہ سے بھی ہوتا ہے، اب یقینی طور پر کچھ بتا نہیں سکتے۔‘‘

حکام کا کہنا ہے جب آگ کے مکمل طور پر بجھنے کے بعد جانی نقصان کا درست اندازہ ہو سکے گا۔

گڈانی کراچی سے تقریباً 50 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے اور یہ ایک سیاحتی مقام بھی ہے۔ ایک مقامی رہائشی محمد عالم جاموٹ نے وائس اف امر یکہ کو بتایا کہ گڈانی کے ساحل پر ایک ہزار سے زائد کشتیاں کھڑی رہتی ہیں علاقے میں روزگار کے مواقع بہت کم ہیں اس ساحلی شہر کے 90 فیصد لوگ مچھیرے ہیں۔

گڈانی میں مچھلی صاف کرنے کے چالیس سے زائد چھوٹے کارخانے بھی ہیں جہاں ہزاروں مزدور کام کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ضلع لسبیلہ میں بڑے سنگ مرمر سمیت دیگر معدنی وسائل کے بڑے ذخائر ہیں۔

XS
SM
MD
LG