رسائی کے لنکس

قومی و صوبائی انتخابات ایک ہی روز ہوں گے: فاروق نائیک


فائل
فائل

’اگر اسمبلی مقررہ مدت سے پہلے تحلیل ہوئی تو انتخابات90 دن میں ہوں گے، بصورت دیگر، یعنی اگر اسمبلی اپنی مدت پوری کرتی ہے، تو ملک میں عام انتخابات 60 دن میں ہوں گے‘

وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی روز ہوں گے۔

اُن کے بقول، ’اگر اسمبلی مقررہ مدت سے پہلے تحلیل ہوئی تو انتخابات90 دن میں ہوں گے، بصورت دیگر، یعنی اگر اسمبلی اپنی مدت پوری کرتی ہے، تو ملک میں عام انتخابات 60 دن میں ہوں گے‘ ۔

اُنھوں نے کہا ہےکہ عام انتخابات کی تاریخ کا فی الحال تعین نہیں ہوا۔ تاہم، اس کا باقاعدہ اعلان صدر زرداری کریں گے، جنھیں اس بات کا آئینی حق حاصل ہے۔

فاروق نائیک منگل کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم سے ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو کررہے تھے۔ ملاقات میں آ ئندہ انتخابات کے انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کی تقرری، وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے اتفاق رائے سے ہوگی۔

اُنھوں نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردوں کی سزاؤں کو یقینی بنانے کیلئے اسمبلی میں’ فیئر ٹرائل‘ بل پیش کر دیا ہے اور یہ کہ کراچی میں قیام امن کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ وزیراعظم اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس صدر کو دیں گے، جب کہ اس بار قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ہی روز منعقد ہوں گے۔ اُنھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومتیں ایک ہی دن قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گی۔
XS
SM
MD
LG