رسائی کے لنکس

”ہمیں عوام نے منتخب کیا ہے، پانچ سال برداشت کرو“

  • حسن سید

”ہمیں عوام نے منتخب کیا ہے، پانچ سال برداشت کرو“

”ہمیں عوام نے منتخب کیا ہے، پانچ سال برداشت کرو“

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سیاسی مخالفین پر واضح کیا ہے کہ موجودہ حکومت قائم رہنے کے لیے آئی ہے اور انھیں پانچ سال تک اسے برداشت کرناپڑے گا۔

ہفتے کو اسلام آباد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت کو عوام نے منتخب کیا ہے اور وہ عناصر جو اس کے جانے کی تاریخیں دیتے رہتے ہیں انھیں مایوسی سے ہمکنار ہونا پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ”دو سال تو ہم پہلے ہی اقتدار میں مکمل کرچکے ہیں اور پانچ سال مکمل کرنے کے بعد اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگنے کے لیے جائیں گے“۔

وزیراعظم نے ایک بار پھر عدلیہ کے ساتھ این آراو کے معاملے پر کسی تصادم کو خارج ازامکان قراردیااور کہا کہ حکومت اور خود ان کے ذاتی طور پر عدلیہ سے تعلقات خوشگوار نہ ہونے کا تاثر درست نہیں ہے۔انھوں نے اپوزیشن کے اس الزام کو بھی مسترد کیا کہ حکومت کی طرف سے ججوں کی تقرری کے معاملے کو سیاسی رنگ دیا جارہا ہے اور کہا کہ معاملات باہمی مشاورت کے ساتھ طے کیے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں ملک کے سیاسی حلقوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت اور صدر آصف علی زردری کے اقتدار کے خاتمے کے حوالے سے قیاس آرائیاں سرگرم رہی ہیں۔ ان قیاس آرائیوں کو این آراو کے خلاف سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے نے مزید تقویت دی جس کے تحت صدر زرداری اور کابینہ کے بعض ارکان سمیت آٹھ ہزار سے زائد افراد کے خلاف ختم کیے گئے مقدمات دوبارہ کھولنے کا حکم دیا گیا ۔

حکومت کا کہنا ہے کہ وہ این آر او کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر خلوص نیت سے عمل درآمد کروا رہی ہے لیکن صدر زرداری کو مقدمات کے حوالے سے آئین کے تحت استثنیٰ حاصل ہے اور ان کے خلاف مقدمات تب ہی کھولے جاسکتے ہیں اگر پارلیمان اس حوالے سے متعلقہ آئینی شق میں تبدیلی کرے۔

XS
SM
MD
LG