رسائی کے لنکس

مہتاب عباسی نے گورنر خیبر پختونخواہ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا


مہتاب عباسی
مہتاب عباسی

طالبان کے نامزد کردہ اعلیٰ رابطہ کار مولانا سمیع الحق نے بھی مہتاب عباسی کی بطور گورنر تقرری کو مذاکراتی عمل کے لیے مفید اور معاون قرار دیا۔

سردار مہتاب احمد خان عباسی نے گورنر خیبر پختونخواہ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے سردار مہتاب احمد خان سے منگل کو حلف لیا اور اس موقع پر صوبے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، صوبائی وزرا اور سرکردہ سیاسی رہنما اور اعلیٰ حکام بھی مو جود تھے۔

پاکستان کے شمالی مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے نئے گورنر سردار مہتاب احمد خان عباسی نے منگل کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

سردار مہتاب عباسی ایبٹ آباد سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور انھوں نے گزشتہ ہفتے خیبر پختونخواہ اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دے دیا تھا۔

مہتاب عباسی خیبر پختونخواہ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نواز کے پارلیمانی لیڈر تھے۔ وہ 1997 میں صوبے کے وزیراعلیٰ بھی رہ چکے ہیں۔

سردار مہتاب احمد خان کو انجینئر شوکت اللہ کی جگہ صوبہ کا گورنر مقر ر کیا گیا تھا جو 8 اپریل کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔ اُنھیں فروری 2013 میں گورنر مقرر کیا گیا تھا۔

گزشتہ سال گیارہ مئی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو وفاق اور صوبہ پنجاب میں واضح اکثریت حاصل ہوئی تھی اور خیبر پختونخواہ میں پاکستان تحریک انصاف کی مخلوط حکومت ہے۔

حکومت ان دنوں ملک میں دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکراتی عمل میں مصروف ہے اور ایک ایسے وقت مسلم لیگ کے رہنما کی بطور گورنر تقرری کو خاصی اہمیت دی جارہی ہے۔

طالبان کے نامزد کردہ اعلیٰ رابطہ کار مولانا سمیع الحق نے بھی منگل کو صحافیوں سےگفتگو میں مہتاب عباسی کی بطور گورنر تقرری کو مذاکراتی عمل کے لیے مفید اور معاون قرار دیا۔
XS
SM
MD
LG